گوجرہ: مسلح ڈاکوؤں کی وارداتیں، لاکھوں روپے نقدی، زیورات اور سامان لوٹ لیا

گوجرہ (باغی ٹی وی، نامہ نگار عبد الرحمن جٹ)ڈکیتی کی وارداتیں، لاکھوں روپے نقدی، زیورات اور قیمتی سامان لوٹ لیا گیا

گوجرہ کے مختلف علاقوں میں مسلح ڈاکوؤں کی متعدد وارداتوں میں لاکھوں روپے مالیت کی نقدی، زیورات اور قیمتی سامان لوٹ لیا گیا۔ چک نمبر 363 ج ب باہمنی والا کے رہائشی محمد افضل کے گھر میں چار مسلح ڈاکو رات کے وقت دیواریں پھلانگ کر داخل ہوئے۔ ڈاکوؤں نے گھر کے تمام افراد کو یرغمال بنا کر ان سے نو لاکھ روپے نقدی، اسی لاکھ روپے کے طلائی زیورات، محمد افضل کے بیٹے ڈاکٹر عمران کا لائسنس یافتہ پستول اور دیگر قیمتی سامان لوٹ لیا۔

ایک اور واردات میں چک نمبر 279 ج ب کے رہائشی ذیشان اور عبداللہ اپنی موٹر سائیکل پر پولٹری فارم کی طرف جا رہے تھے کہ لنک روڈ پر دو مسلح ڈاکوؤں نے کار میں پہنچ کر انہیں روک لیا۔ ڈاکوؤں نے انہیں جان سے مارنے کی دھمکی دے کر ہزاروں روپے نقدی، دو قیمتی موبائل فون اور اے ٹی ایم کارڈ چھین لئے۔

نیو اقبال ٹاؤن کے رہائشی کاشف نے تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتال میں دوائی لینے کے لیے موٹر سائیکل نمبر 7165 ایل ای ایل باہر کھڑی کی تاہم واپسی پر موٹر سائیکل چوری ہو چکی تھی۔

اسی طرح چک نمبر 336 ج ب میں ایک اور واقعہ پیش آیا، جہاں نامعلوم چور بوٹانے کی حویلی میں داخل ہوئے اور ان کا ایک بکرا اور بکری چوری کر کے فرار ہو گئے۔ تمام وارداتوں میں ڈاکوؤں نے سندھی چادریں اوڑھ رکھی تھیں اور کامیاب وارداتوں کے بعد با آسانی فرار ہونے میں کامیاب رہے۔

پولیس تھانہ نواں لاہور اور سٹی پولیس گوجرہ کو وارداتوں کی اطلاع دی گئی ہےتاہم تاحال ملزمان کی گرفتاری عمل میں نہیں آ سکی۔

Comments are closed.