Category: پاکستان

  • ملک بھر میں پیٹرول پمپس کی جانچ کے لئے ٹیمیں متحرک

    ملک بھر میں پیٹرول پمپس کی جانچ کے لئے ٹیمیں متحرک

    آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی(اوگرا) نے ملک بھر میں پیٹرول پمپس کی جانچ پڑتال کے لیے انفورسمنٹ ٹیمیں متحرک کر دی ہیں۔

    اوگرا کے مطابق اس اقدام کا مقصد پیٹرولیم مصنوعات کی فروخت کو قانون کے مطابق یقینی بنانا اور صارفین کے حقوق کا تحفظ ہے چیئرمین اوگرا مسرور خان نے انفورسمنٹ ٹیم کے ہمراہ مختلف علاقوں میں قائم پیٹرول پمپس کا دورہ کیا ، جہاں پمپس کی قانونی حیثیت، لائسنس اور دیگر مطلوبہ دستاویزات کی تفصیلی جانچ کی گئی، اس کے ساتھ ساتھ پیٹرولیم مصنوعات کے دستیاب اسٹاک کا بھی معائنہ کیا گیا تاکہ کسی قسم کی قلت یا غیر قانونی ذخیرہ اندوزی کو روکا جا سکے۔

    چیئرمین اوگرا نے ہدایت کی کہ قوانین و ضوابط پر سختی سے عملدرآمد ہر صورت یقینی بنایا جائے اور کسی بھی قسم کی خلاف ورزی کو برداشت نہ کیا جائے انہوں نے واضح کیا کہ اوگرا قواعد کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رکھی جائے گی۔

    کراچی : غیر قانونی نمبر پلیٹس کیخلاف کریک ڈاؤن کا اعلان

    سری لنکا کے سابق ٹیسٹ کرکٹر انتقال کر گئے

    حکمران پاکستان کے آئین اور قانون کے تقاضوں کو پورا نہیں کر رہے،مولانا فضل الرحمان

  • کراچی : غیر قانونی نمبر پلیٹس کیخلاف کریک ڈاؤن کا اعلان

    کراچی : غیر قانونی نمبر پلیٹس کیخلاف کریک ڈاؤن کا اعلان

    کراچی:ایڈیشنل آئی جی کراچی نے جمعہ سے شہر بھر میں فینسی نمبر پلیٹس اورغیرقانونی نمبرپلیٹس کی حامل گاڑیوں کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کا اعلان کردیا۔

    کراچی پولیس آفس میں ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو نے چیف سی پی ایل سی زبیرحبیب، ڈی آئی جی ٹریفک پیر محمد شاہ اور ڈائریکٹر ایکسائز موٹر رجسٹریشن شبانہ بلوچ کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ شہرمیں ٹریکس نظام کے نفاذ کے بعد ٹریفک منیجمنٹ میں کافی بہتری نظرآرہی ہے اور شہریوں کی جانب سے بھی اس نئے نظام کو سراہا جا رہا ہے۔

    ایڈیشنل آئی جی نے بتایا کہ نئے نظام میں مثبت تبدیلیوں کی ضرورت ہے، مشاہدے اور ریکارڈ میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ بعض شہریوں نے ای چالان سےبچنے کے لئے مختلف حربے استعمال کرنا شروع کردیے ہیں، بعض شہریوں کی جانب سے جعلی نمبر پلیٹ کا استعمال کیا جا رہا ہے توکسی شہری نے نمبر پلیٹ چھپا نے جیسے اقدامات کئے ہیں۔

    جاوید عالم اوڈھو نے بتایا کہ آئندہ جمعہ سے فینسی نمبر پلیٹس اورغیرقانونی نمبر پلیٹس کی حامل گاڑیوں کے خلاف بڑے پیمانے پرمہم شروع کرنے جارہے ہیں، اس مہم میں ڈسٹرکٹ پولیس کے ہمراہ ایکسائز اور سی پی ایل سی کے افسران بھی ساتھ ہوں گےنمبر پلیٹس کے غلط استعمال اوراسے چھپانے پرایکسائز ریکارڈ دیکھ کر کارروائی کی جائے گی، خلاف وزری پر گاڑی یا موٹر سائیکل ضبط کرنے کے ساتھ مقدمہ بھی درج کیا جائے گا۔

    ایڈیشنل آئی جی نے کہا کہ کسی شہری نے ایکسائز سے اگر نمبر پلیٹ کے لئے رابطہ کیا ہوگا تو رسید ہونا لازم ہوگا قانونی نمبر پلیٹ نہ ہونے پر گاڑی یا موٹر سائیکل عارضی طور پر ضبط کرلی جائے گی، گاڑی یا موٹر سائیکل پر جعلی نمبر پلیٹ ہونے پر مقدمہ درج کریں گے، جو شہری گرین نمبر پلیٹ لگا کر گاڑی چلاتے ہیں اس پر بھی ایکشن کیا جائے گا۔

  • سیالکوٹ: ڈی آر سی اجلاس، 26 درخواستوں پر سماعت

    سیالکوٹ: ڈی آر سی اجلاس، 26 درخواستوں پر سماعت

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی، ڈسٹرکٹ رپورٹر مدثر رتو) ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ صبا اصغر علی کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ڈسپیوٹ ریزولوشن کمیٹی (ڈی آر سی) کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں شہریوں کے مختلف تنازعات پر تفصیلی سماعت کی گئی۔ اجلاس میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر فیصل شہزاد، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو عباس ذوالقرنین، اسسٹنٹ کمشنر سیالکوٹ صفدر شبیر، اسسٹنٹ کمشنر ڈسکہ سعدیہ جعفر، ایس ڈی پی اوز اور متعلقہ ریونیو حکام نے شرکت کی۔

    اجلاس کے دوران ڈی آر سی کو موصول ہونے والی 26 درخواستوں پر غور کیا گیا، جن میں اراضی تنازعات، خاندانی جھگڑے اور دیگر سول نوعیت کے معاملات شامل تھے۔ کمیٹی نے فریقین کے مؤقف سنے اور دستیاب ریکارڈ کا جائزہ لیا، جس کے بعد 5 درخواست گزاروں کو ان کی زمین کا قبضہ دلوانے کا فیصلہ کیا گیا۔

    ڈپٹی کمشنر صبا اصغر علی نے کہا کہ ڈسٹرکٹ ڈسپیوٹ ریزولوشن کمیٹی عوام کو فوری، شفاف اور کم خرچ انصاف کی فراہمی کا ایک مؤثر پلیٹ فارم ہے، جہاں زمین و جائیداد کے تنازعات کو قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے خوش اسلوبی سے حل کیا جاتا ہے۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ تقسیم اور قبضے سے متعلق کیسز میں موقع پر جا کر انکوائری کو یقینی بنایا جائے جبکہ ریونیو افسران مکمل ریکارڈ بروقت فراہم کریں۔

    ڈی پی او فیصل شہزاد نے کہا کہ تنازعات کا بروقت اور منصفانہ حل امن و امان کے قیام میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ انہوں نے پولیس افسران کو ہدایت کی کہ وہ ریونیو محکمے کے ساتھ مکمل تعاون کریں تاکہ شہریوں کو جلد ریلیف فراہم کیا جا سکے۔

    اجلاس کے اختتام پر متعدد کیسز نمٹا دیے گئے جبکہ بعض معاملات میں مزید جانچ پڑتال اور فریقین کو آئندہ سماعت کے لیے طلب کرنے کی ہدایت جاری کی گئی۔

  • حکمران  پاکستان کے آئین اور قانون کے تقاضوں کو پورا نہیں کر رہے،مولانا فضل الرحمان

    حکمران پاکستان کے آئین اور قانون کے تقاضوں کو پورا نہیں کر رہے،مولانا فضل الرحمان

    اسلام آباد:امیر جےیوآئی مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ انشاء اللہ، ملک کے اندر بہتری اور بیرونِ ملک پاکستان کے مثبت تشخص کو اجاگر کرنے کے لیے اجتماعی لائحۂ عمل طے کیا جائے گا

    امیر جےیوآئی مولانا فضل الرحمان نے جامعہ مفتاح العلوم مستونگ بلوچستان کی سالانہ تقریب سے آن لائن خطاب میں کہا کہ مجلسِ اتحادِ امت کے زیر اہتمام مختلف مکاتبِ فکر کے نمائندگان اور دینی و سیاسی جماعتوں کے قائدین کا ایک اہم اجتماع 22 دسمبر کو کراچی میں منعقد ہوگا ،اجتماع میں اس بات پر غور کیا جائے گا کہ ہمارا ملک کس سمت جا رہا ہے-

    مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ اجتماع میں پاکستان کے آئین اور قانون کے تقاضوں پر غور کیا جائے گا،اجتماع میں ملک کی ترقی، صوبوں میں عوام کے حقوق، بالخصوص چھوٹے صوبوں کے مسائل پر بات کریں گے،افغانستان اور ایران کے ساتھ بہتر تعلقات کے فروغ، موجودہ مشکلات کے حل، دوست ممالک سے تعلقات کو مضبوط بنانے اور شکایات کے ازالے کے لیے تعمیری اقدامات پر غور کیا جائے گا۔مولانا فضل الرحمان

    انہوں نے کہا کہ انشاء اللہ، ملک کے اندر بہتری اور بیرونِ ملک پاکستان کے مثبت تشخص کو اجاگر کرنے کے لیے اجتماعی لائحۂ عمل طے کیا جائے،اجتماع کے فیصلوں سے ملک کے مستقبل پر دیرپا اثرات ظاہر ہونگے ،آج پوری دنیا میں دینی علوم کے حوالے سے برصغیر، اور بالخصوص پاکستان، ایک نمایاں مقام رکھتا ہے،ہمارے اکابر کی شروع کی ہوئی جدوجہد کی بنیاد پر قرآن، سنت، حدیث اور فقہ کے علوم کی حفاظت ہو رہی ہے۔

    امیر جے یو آئی نے کہا کہ دینی مدارس سے فارغ التحصیل علماء اور اساتذہ مختلف ممالک میں قرآن و حدیث کے ماہرین کے طور پر تسلیم کیے جاتے ہیں، مدار س کے طلبہ دینی علوم کے ساتھ ساتھ عصری علوم میں بھی آگے بڑھ رہے ہیں،امتحانات میں مسلسل بورڈ ٹاپ کر رہے ہیں ایسا ذہین اور محنتی ٹیلنٹ شاید دنیا میں کم ہی ملے، افسوس کہ ہمارے ملکی نظام میں اس کی کوئی قدر و قیمت نہیں۔ اللہ تعالیٰ ہمارے حکمرانوں کے دلوں میں اس کی قدر پیدا فرمائے۔

    https://x.com/juipakofficial/status/2000910998316929083?s=20

    مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ہمارے حکمران نہ صرف قرآن و سنت سے ناآشنا ہیں ،بلکہ پاکستان کے آئین اور قانون کے تقاضوں کو بھی پورا نہیں کر رہے، حا لیہ دنوں میں کی گئی آئینی ترامیم اور قانون سازی واضح طور پر قرآن، سنت اور حدیث کے منافی ہے،انہیں دینی علوم اور قرآنِ کریم کی صحیح سمجھ ہوتی تو وہ ایسی غلطیاں ہرگز نہ کرتے جیسی حالیہ دنوں میں اسمبلی کے اندر کی گئیں۔

  • ’تھینک یو جناح‘سوشل میڈیا پر ٹرینڈ میں کیوں؟

    ’تھینک یو جناح‘سوشل میڈیا پر ٹرینڈ میں کیوں؟

    گزشتہ روز سے سوشل میڈیا پر ’تھینک یو جناح‘کا ہیش ٹیگ ٹرینڈ کر رہا ہے جس میں صارفین قائد اعظم محمد علی جناح کو خراجِ عقیدت پیش کر رہے ہیں۔

    مختلف پلیٹ فارمز پر لوگ پاکستان کے قیام، آزادی کی قدر اور ایک خودمختار ریاست کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے اپنے جذبات کا اظہار کر رہے ہیں،سوشل میڈیا صارفین کا کہنا ہے کہ آج کے حالات میں آزادی کی نعمت کی اصل قدر کا احساس ہو رہا ہے، جس پر وہ قائداعظم کی جدوجہد کو یاد کر رہے ہیں۔

    ایکس اور انسٹاگرام پر بہت سے صارفین نے “Thank you Jinnah for giving us Pakistan” اور اسی طرح کے جذباتی پیغامات شیئر کیے ہیں، جو اس ٹرینڈ کا حصہ بن رہے ہیں۔

    اس ہیش ٹیگ کے ٹرینڈ کرنے کی اصل وجہ گزشتہ روز بھارت میں پیش آنے والا ایک سنگین واقعہ ہے جس میں بھارتی ریاست بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے اپوائنمنٹ لیٹر دیئے جانے کی تقریب میں ایک مسلم ڈاکٹر کا نقاب کھینچا گیا،سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ وزیر اعلیٰ نتیش کمار اپوائنمنٹ لیٹر دیئے جانے کی تقریب کے دوران ایک مسلم خاتون ڈاکٹر کو لیٹر دینے کے بعد ان کا نقاب کھینچ لیتے ہیں،بہار کے وزیراعلیٰ کے اس عمل پر نہ صرف مسلم کمیونٹی بلکہ بھارت سمیت دنیا بھر سے شدید ردعمل سامنے آیا ہے۔

     

    بھارتی وزیر نے مسلمان خاتون کا نقاب کھینچ دیا

    ،اپوزیشن جماعت راشٹریہ جنتا دل نے واقعے پر سخت ردِعمل دیتے ہوئے کہا کہ کیا نتیش کمار اپنی ذہنی صلاحیت کھو بیٹھے ہیں؟،کانگریس نے بھی اس واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ جب ریاست کا وزیرِ اعلیٰ خود ایسی حرکت کرے تو اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ وہاں خواتین کس حد تک غیر محفوظ ہوں گی، کانگریس نے نتیش کمار سے اس شرمناک عمل پر فوری استعفیٰ دینے کا مطالبہ بھی کیا۔

  • بلاول کیخلاف نازیبا الفاظ کا استعمال،حیدرآباد میں مقدمہ درج

    بلاول کیخلاف نازیبا الفاظ کا استعمال،حیدرآباد میں مقدمہ درج

    پیپلز پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے خلاف نازیبا الفاظ استعمال کرنے کی ویڈیو وائرل ہونے کا معاملہ سامنے آیا

    حیدرآباد میں نازیبا زبان استعمال کرنے والے نامعلوم شخص کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا،مقدمہ ہٹڑی تھانے میں سپاف کے رہنما اظہر تالپور کی درخواست پر درج کیا گیا،بتایا گیا کہ لیاقت یونیورسٹی اسپتال کے انٹری ٹیسٹ کے دوران نامعلوم شخص گارڈ کے ہمراہ آیا، فریادی پر تشدد کیا اور بلاول بھٹو کے خلاف غیر اخلاقی زبان استعمال کی،ایف آئی آر درج کر لی گئی

    درخواست گزار اظہرالدین ولد صدرالدین تالپر، جو کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی سیاف اسٹوڈنٹ یونٹ کے عہدیدار ہیں، نے پولیس کو دی گئی درخواست میں مؤقف اختیار کیا کہ 14 دسمبر 2025 کو لیاقت یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے پیرا میڈیکل انٹری ٹیسٹ کے موقع پر سٹی لان کے باہر پارٹی کی جانب سے نئے آنے والے طلبہ کی خوش آمدید کے لیے جھنڈے اور پینافلیکس نصب کیے گئے تھے۔فریادی کے مطابق انٹری ٹیسٹ ختم ہونے کے بعد جب وہ اپنے ساتھیوں عبدالغفار کاتیار اور سجاد چنہ کے ہمراہ باہر آئے تو دیکھا کہ رش کے باعث پارٹی کے جھنڈے زمین پر گر گئے تھے۔ جب وہ جھنڈے اٹھا رہے تھے تو اسی دوران ایک کالے رنگ کی ویگو گاڑی (رجسٹریشن نمبر KR-4533) موقع پر آ کر رکی، جس میں ایک نامعلوم شخص اور اس کے دو گارڈز سوار تھے۔درخواست میں کہا گیا ہے کہ مذکورہ نامعلوم شخص نے فریادی اور اس کے ساتھیوں کو گالیاں دیں، دھمکیاں دیں، پارٹی کے جھنڈے اور پینافلیکس زبردستی اٹھا کر گاڑی میں رکھ لیے اور پارٹی چیئرمین کے خلاف بھی غیر اخلاقی زبان استعمال کی، جس کے بعد گاڑی ہالہ ناکہ کی طرف روانہ ہو گئی۔واقعے کے بعد متاثرہ افراد نے پرامن احتجاج کیا اور بعد ازاں تھانہ ہنری میں رپورٹ درج کروائی۔ پولیس نے مقدمہ نمبر 403/2025 زیر دفعات 506/2، 504، 337-AI تعزیراتِ پاکستان کے تحت درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔

  • پاکستان بدرنہ کریں،45 برس قبل تبلیغ کیلئے کراچی آئے 28 ترک شہری عدالت پہنچ گئے

    پاکستان بدرنہ کریں،45 برس قبل تبلیغ کیلئے کراچی آئے 28 ترک شہری عدالت پہنچ گئے

    کراچی: سندھ ہائی کورٹ کراچی میں 28 ترک شہریوں کی جانب سے وفاقی حکومت کے خلاف آئینی درخواست دائر کی گئی ہے، جس میں حکومت کی جانب سے انہیں افغان شہری قرار دے کر بے دخل کرنے کے اقدام کو چیلنج کیا گیا ہے۔

    درخواست گزار سید نعمت اللہ اور دیگر افراد نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ وہ ترک شہری ہیں اور کئی برس قبل تبلیغِ دین کے مقصد سے ترکی سے پاکستان آئے تھے۔ درخواست کے مطابق وہ طویل عرصے سے پاکستان میں پُرامن طور پر مقیم ہیں، ان کا کوئی مجرمانہ ریکارڈ نہیں، وہ اچھے کردار کے حامل ہیں اور مقامی کمیونٹی میں مثبت کردار ادا کر رہے ہیں۔درخواست گزاروں کا کہنا ہے کہ اس کے باوجود حکومتِ پاکستان انہیں افغان شہری قرار دے کر ملک بدر کرنے کی کارروائی کر رہی ہے، جو کہ غیر قانونی اور آئین کے منافی ہے۔ اسی بنیاد پر انہوں نے سندھ ہائی کورٹ سے رجوع کیا ہے تاکہ انہیں قانونی تحفظ فراہم کیا جا سکے اور بے دخلی کا حکم روکا جائے۔

    درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ حکومت کے اس اقدام کو کالعدم قرار دیا جائے اور درخواست گزاروں کو پاکستان میں قیام کا حق دیا جائے، کیونکہ وہ کسی بھی قسم کی غیر قانونی سرگرمی میں ملوث نہیں رہے۔

    عدالت نے کیس کی سماعت کے بعد کہا کہ ترکش قونصلیٹ یا ایمبیسی سے رجوع کریں ہم کچھ نہیں کرسکتے.

  • سیالکوٹ: ریسکیو 1122 کےرضاکار پولیو مہم میں شامل

    سیالکوٹ: ریسکیو 1122 کےرضاکار پولیو مہم میں شامل

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی، نامہ نگار مدثر رتو) ملک بھر میں جاری پانچ روزہ پولیو مہم کے دوران سیالکوٹ میں ریسکیو 1122 کے رضاکار اور 20 ریسکیو سکاؤٹس بھی حصہ لے رہے ہیں۔ یہ مہم ضلع انتظامیہ کی نگرانی میں جاری ہے تاکہ پانچ سال تک کے بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جا سکیں۔

    ریسکیو اہلکار اور سکاؤٹس ڈسٹرکٹ وارڈن جمیل جنجوعہ کی زیر نگرانی شہر کے مختلف مقامات جیسے بلال ٹریولز، مسجد چوک، ویگن اسٹینڈ، لاہور کوچ اسٹینڈ، وزیر آباد روڈ سبلائم چوک اور ڈسکہ روڈ دبرجی چوک پر سرگرم ہیں، جہاں آنے جانے والے مسافروں کے بچوں کو بھی ویکسین دی جا رہی ہے۔

    ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر نوید اقبال نے پولیو ویکسین کیمپس کا دورہ کیا، بچوں کو قطرے پلائے اور ریسکیورز و ریسکیو سکاؤٹس کی محنت کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ سب مل کر ملک کو پولیو فری بنانے کے مشن میں کامیابی حاصل کر سکتے ہیں۔

  • اوکاڑہ: سموگ مہم کے اقدامات کو تیز کرنے کی ہدایات

    اوکاڑہ: سموگ مہم کے اقدامات کو تیز کرنے کی ہدایات

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل احمد سلیم چشتی کی زیر صدارت انسداد سموگ مہم کے جائزہ اجلاس کا انعقاد کیا گیا، جس میں سموگ کے تدارک کے لیے جاری اقدامات، فیلڈ آپریشنز اور قوانین پر عملدرآمد کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

    ڈپٹی ڈائریکٹر ماحولیات محمد عبدالقیوم نے اجلاس کو سموگ کی روک تھام کے لیے کیے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل احمد سلیم چشتی نے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ سموگ کے اسباب بننے والے عوامل کے خلاف بلا امتیاز اور سخت کارروائیاں تسلسل کے ساتھ جاری رکھی جائیں۔

    اجلاس میں دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں، غیر معیاری ایندھن کے استعمال، صنعتی آلودگی، فصلوں کی باقیات جلانے اور بھٹہ خشت کے خلاف مؤثر کارروائیوں کو مزید تیز کرنے کے احکامات دیے گئے۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل نے کہا کہ سموگ کے خاتمے کے لیے زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل کیا جائے گا اور کسی بھی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

    انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ فیلڈ میں موجودگی یقینی بنائیں، روزانہ کی بنیاد پر رپورٹس پیش کریں اور عوامی شکایات کا فوری ازالہ کریں۔ اجلاس کے اختتام پر تمام متعلقہ محکموں کے افسران نے سموگ کے سد باب کے لیے کاروائیوں کے تسلسل کو جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔

  • اوکاڑہ: ڈسٹرکٹ کوارڈینیشن کمیٹی کا اجلاس، عوامی فلاح و بہبود کے اقدامات پر زور

    اوکاڑہ: ڈسٹرکٹ کوارڈینیشن کمیٹی کا اجلاس، عوامی فلاح و بہبود کے اقدامات پر زور

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ کوارڈینیشن کمیٹی برائے نیشنل الیکشن پلان کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں صوبائی و وفاقی محکموں کے نمائندوں، آرمی افسران اور ضلعی انتظامیہ کے دیگر حکام نے شرکت کی۔

    اجلاس کے دوران مفادِ عامہ سے متعلق متعدد امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے ٹریفک قوانین پر مؤثر عملدرآمد، تجاوزات کے خلاف جاری آپریشنز، مدارس کی رجسٹریشن، تعلیمی اداروں میں مثبت رویوں کے فروغ اور گداگری کے خاتمے کے حوالے سے حکام کو ہدایات جاری کیں۔

    ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید نے کہا کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں تاکہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے تجاوزات کے خلاف آپریشنز کو مزید مؤثر بنانے اور عوامی مقامات کی بحالی کی بھی ہدایات دی۔

    اجلاس میں مدارس کی رجسٹریشن کے عمل کو تیز اور شفاف بنانے، تعلیمی اداروں میں اخلاقی و سماجی رویوں کے فروغ کے لیے آگاہی مہمات جاری رکھنے اور گداگری کے خاتمے کے لیے متعلقہ اداروں کے درمیان سخت ایکشن لینے کے اقدامات پر زور دیا گیا۔

    ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ باہمی رابطے اور تعاون کو فروغ دیتے ہوئے عوامی فلاح، نظم و ضبط اور سماجی بہتری کے لیے تمام اقدامات کو تسلسل کے ساتھ جاری رکھا جائے گا، اور متعلقہ محکمے اپنی ذمہ داریاں بھرپور طریقے سے ادا کریں۔