Category: ٹوبہ ٹیک سنگھ

  • گوجرہ: نہر سے تیرتی ہوئی نامعلوم شخص کی لاش برآمد

    گوجرہ: نہر سے تیرتی ہوئی نامعلوم شخص کی لاش برآمد

    گوجرہ(باغی ٹی وی،نامہ نگار عبدالرحمن جٹ) نہر سے تیرتی ہوئی نامعلوم شخص کی لاش برآمد

    تفصیل کے مطابق تھانہ صدر گوجرہ کے نواحی علاقے چک نمبر 283 ج ب کے قریب نہر جھنگ برانچ سے ایک مسخ شدہ لاش برآمد ہوئی۔ یہ نہر فیصل آباد سے ٹوبہ ٹیک سنگھ کی طرف جاتی ہے۔ لاش نہر کے کنارے آ کر رک گئی، جس کی اطلاع ملتے ہی مقامی پولیس موقع پر پہنچ گئی۔

    ریسکیو 1122 کی مدد سے لاش کو نہر سے نکال کر بیگ میں ڈال کر ضروری کارروائی کے لیے ٹی ایچ کیو ہسپتال گوجرہ منتقل کر دیا گیا۔ پولیس نے لاش کے ورثاء کی تلاش شروع کر دی ہے۔ مزید تحقیقات جاری ہیں۔

  • گوجرہ:جانوروں کو گل گھوٹو سے بچاؤ کیلئے  ویکسینیشن مہم جاری ہے

    گوجرہ:جانوروں کو گل گھوٹو سے بچاؤ کیلئے ویکسینیشن مہم جاری ہے

    گوجرہ(باغی ٹی وی ،نامہ نگارعبدالرحمن جٹ سے) محکمہ لائیو اسٹاک کی جانوروں میں گل کھوٹو کی بیماریوں سے بچاؤ کے لیے ویکسینیشن مہم جاری

    ڈسٹرکٹ ٹوبہ ٹیک سنگھ کے دیہی علاقوں میں جانوروں کو گل کھوٹو سمیت مختلف بیماریوں سے محفوظ رکھنے کے لیے محکمہ لائیو اسٹاک کی جانب سے حفاظتی ویکسینیشن مہم تیزی سے جاری ہے۔ اس سلسلے میں چک نمبر 329 ج ب چھوٹا رسالہ میں ویکسینیشن کا عمل مکمل کر لیا گیا۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیو اسٹاک اعجاز میانہ اور ڈپٹی ڈائریکٹر ڈاکٹر عاطف طفیل کی خصوصی ہدایات پر عمل درآمد کیا گیا، جبکہ پورے عمل کی نگرانی سینئر صحافی اور نائب صدر پریس کلب ٹوبہ ٹیک سنگھ محمد آصف حسین رانا نے کی۔

    ویکسینیشن کے دوران ندیم مشتاق اے وی ایس نے گھر گھر جا کر جانوروں کو حفاظتی ٹیکے لگائے، یہ خدمت بالکل مفت فراہم کی گئی جسے کسانوں نے بے حد سراہا اور محکمہ لائیو اسٹاک کا شکریہ ادا کیا۔ محمد آصف حسین رانا نے اس موقع پر بات کرتے ہوئے کہا کہ جانوروں کی صحت اور حفاظت کسانوں کی معیشت کے لیے نہایت اہم ہے، اور محکمہ لائیو اسٹاک کا یہ اقدام قابل ستائش ہے۔

    انہوں نے کہا کہ دیہی علاقوں میں اس طرح کے اقدامات سے نہ صرف بیماریوں کا خاتمہ ممکن ہے بلکہ زراعت اور مویشی پالنے کے شعبے کو بھی استحکام ملے گا۔ علاقائی کسانوں نے اس مہم کی کامیابی پر محکمہ لائیو اسٹاک کی ٹیم کی محنت کو سراہا اور کہا کہ اس طرح کے اقدامات جانوروں کی حفاظت کے ساتھ ساتھ مویشی پالنے کے شعبے کی ترقی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

  • گوجرہ: تھانہ پیر محل پولیس نے گمشدہ بچہ والدین کے حوالے کر دیا

    گوجرہ: تھانہ پیر محل پولیس نے گمشدہ بچہ والدین کے حوالے کر دیا

    گوجرہ (باغی ٹی وی،نامہ نگارعبدالرحمن جٹ) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ٹوبہ ٹیک سنگھ عبادت نثار کی قیادت میں پولیس عوام کی خدمت اور تحفظ کے لیے سرگرم ہے۔ تھانہ پیر محل کے علاقے سے گم ہونے والے 5 سالہ بچے، اضہان ولد محمد وقاص، کو چوکی انچارج پیر محل عمران غفور ASI اور ان کی ٹیم نے تلاش کرکے والدین کے سپرد کر دیا۔

    والدین کے لیے یہ لمحہ انتہائی خوشی کا باعث بنا، جبکہ پولیس کی بروقت کارروائی کو سراہا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ بچوں کی حفاظت والدین کی اولین ذمہ داری ہے، اور ان کی نگرانی میں کسی قسم کی غفلت سنگین نتائج کا باعث بن سکتی ہے۔

    پولیس نے والدین سے اپیل کی ہے کہ بچوں کی حفاظت کو یقینی بنائیں کیونکہ بچے ہمارا مستقبل ہیں اور ان کی سلامتی ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

  • گوجرہ: مسجد علی المرتضیٰ کا سنگ بنیادرکھنے کی تقریب ہوئی

    گوجرہ: مسجد علی المرتضیٰ کا سنگ بنیادرکھنے کی تقریب ہوئی

    گوجرہ (باغی ٹی وی نامہ نگار عبد الرحمن جٹ) مرکزی جمعیت اہلحدیث تحصیل گوجرہ کے سرپرست اعلیٰ مولانا عبدالقادر عثمان، امیر حافظ محمد اسلم جٹ، ناظم اعلیٰ میاں محمد افضل اور اہلحدیث یوتھ فورس تحصیل گوجرہ کے صدر حافظ عمران شاکر نے کہا ہے کہ مسجدیں تعمیر کرنا ایک بڑی سعادت ہے اور اللہ تعالیٰ کی رضا کے لیے مساجد کی تعمیر میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہیے۔ انہوں نے یہ بات چک نمبر 349 ج ب میں نئی مسجد علی المرتضیٰ ؓ کے سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

    مقررین نے کہا کہ مساجد کی تعمیر کے ذریعے اللہ کے گھروں کو آباد کرنا بہت بڑا اجر ہے۔ تمام مخیر حضرات سے اپیل کی کہ وہ اس نیک کام میں حصہ لیں تاکہ مسجد کی تعمیر مکمل ہو سکے۔ اس موقع پر قاری محمد ذکریا، قاری محمد افضل، محمد سعید، محمد شفیق، مولانا عدنان افضل، مولانا کاشف سعید، مولانا ارشد ظہیر، اور چوہدری غلام رسول گجر بھی موجود تھے۔

    مقررین نے مزید کہا کہ جب انسان خلوص اور سچائی کے ساتھ، نیکی کی بنیاد پر کوئی کام کرتا ہے تو اللہ تعالیٰ اس میں برکت ڈال دیتے ہیں اور اس کے کام میں مدد کرتے ہیں۔ اخلاص کے ساتھ کیے گئے کام دیر پا معاشرتی اثرات رکھتے ہیں اور یہی کام حقیقی طور پر کامیاب ہوتے ہیں۔

  • گوجرہ: صحت مند معاشرہ خوشحال پنجاب کے تحت تین روزہ ہیلتھ کیمپ کا آغاز

    گوجرہ: صحت مند معاشرہ خوشحال پنجاب کے تحت تین روزہ ہیلتھ کیمپ کا آغاز

    گوجرہ (باغی ٹی وی،نامہ نگارعبدالرحمن جٹ) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن "صحت مند معاشرہ، خوشحال پنجاب” کے تحت معیاری طبی سہولیات کی فراہمی جاری ہے۔ تحصیل ہیڈکوارٹر گوجرہ میں تین روزہ سکریننگ ہیلتھ کیمپ کا آغاز کر دیا گیا ہے، جس کا مقصد شہریوں کو بنیادی طبی سہولیات اور صحت سے متعلق آگاہی فراہم کرنا ہے۔

    اسسٹنٹ کمشنر گوجرہ کامران اشرف نے کیمپ کا دورہ کرتے ہوئے انتظامات کا جائزہ لیا اور مریضوں سے سہولیات کے بارے میں استفسار کیا۔ اس موقع پر ایم ایس ڈاکٹر وسیم، ڈاکٹر شہزاد بخاری، نرسز، اور پیرامیڈیکل اسٹاف موجود تھے۔

    ایم ایس ڈاکٹر وسیم نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنی صحت کے معائنے کے لیے کیمپ کا حصہ بنیں۔ کیمپ میں 9 بنیادی صحت خدمات، بشمول کلینیکل معائنہ، ہیمٹولوجیکل سکریننگ، پھیپھڑوں کی صحت، حاملہ خواتین کی ویکسی نیشن، اور بچوں کی صحت سے متعلق رہنمائی فراہم کی جا رہی ہے۔

    یہ کیمپ 22 نومبر تک جاری رہے گا، جس کا مقصد عوام کو صحت مند طرزِ زندگی اپنانے کی ترغیب دینا اور بنیادی بیماریوں کی بروقت تشخیص کو یقینی بنانا ہے۔

  • گوجرہ: بار ایسوسی ایشن کی سالانہ تقریب، ڈی پی او ٹوبہ ٹیک سنگھ مہمان خصوصی

    گوجرہ: بار ایسوسی ایشن کی سالانہ تقریب، ڈی پی او ٹوبہ ٹیک سنگھ مہمان خصوصی

    گوجرہ (باغی ٹی وی، نامہ نگار عبدالرحمن جٹ) بار ایسوسی ایشن گوجرہ کی سالانہ تقریب مقامی میرج ہال میں منعقد ہوئی۔ تقریب کے مہمان خصوصی ڈی پی او ٹوبہ ٹیک سنگھ عبادت نثار تھے، جبکہ صدارت صدر بار چوہدری اعجاز اختر کہوجہ ایڈووکیٹ نے کی۔ نقابت کے فرائض جنرل سیکرٹری اسد بشیر ایڈووکیٹ اور سابق صدر بار ایسوسی ایشن گوجرہ شیخ محمد جاوید ایڈووکیٹ نے انجام دیے۔ تقریب میں ڈویژن بھر سے وکلاء کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

    تقریب کے دوران مہمان خصوصی ڈی پی او عبادت نثار نے اپنے خطاب میں بار اور پولیس کے درمیان ہم آہنگی کو معاشرتی مسائل کے حل کے لیے اہم قرار دیا اور گوجرہ بار کے عہدیداران و ممبران کی پولیس کے ساتھ تعاون کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ انہیں فخر ہے کہ گوجرہ بار نے ہمیشہ مثبت سوچ کو فروغ دیا ہے۔

    اس موقع پر سابق اسسٹنٹ کمشنر گوجرہ نعمان علی ڈوگر کو بار ایسوسی ایشن کے ساتھ بہترین تعاون پر اعزازی سوینئر بھی دیا گیا۔ تقریب میں ایم پی ایز چوہدری اسد زمان چیمہ اور چوہدری احسن احسان نے بھی شرکت کی۔ تقریب کے اختتام پر شرکاء کے اعزاز میں ظہرانہ پیش کیا گیا۔

  • گوجرہ: موٹروے  پر APV وین اور ٹرک میں تصادم، 1 جاں بحق  4 زخمی

    گوجرہ: موٹروے پر APV وین اور ٹرک میں تصادم، 1 جاں بحق 4 زخمی

    گوجرہ (باغی ٹی وی،نامہ نگار چوہدری عبد الرحمن جٹ) موٹروے ایم فور پر اے پی وی وین اور ٹرک میں حادثہ، ایک نوجوان جاں بحق، 4 افراد زخمی

    تفصیل کے مطابق گوجرہ موٹروے ایم فور پر ٹول پلازہ کے قریب ایک افسوسناک حادثہ پیش آیا جس میں اے پی وی وین پیچھے سے ٹرک سے جا ٹکرائی۔ حادثے کے نتیجے میں 30 سالہ نعیم جاں بحق ہو گیا، جبکہ چار افراد، اشرف، کلثوم، فیض، اور عثمان شدید زخمی ہوئے۔

    حادثہ ڈرائیور کو دورانِ ڈرائیونگ نیند آنے کے باعث پیش آیا، جس کے نتیجے میں اے پی وی وین بے قابو ہو کر ٹرک سے ٹکرا گئی۔ جاں بحق اور زخمیوں کا تعلق لیہ سے بتایا جاتا ہے۔ فوری طور پر زخمیوں کو طبی امداد کے لیے سول اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم ان کی مخدوش حالت کے پیش نظر انہیں الائیڈ اسپتال فیصل آباد ریفر کر دیا گیا۔

  • گوجرہ انٹرنیشنل سٹیڈیم میں دوستانہ ہاکی میچ کا انعقاد

    گوجرہ انٹرنیشنل سٹیڈیم میں دوستانہ ہاکی میچ کا انعقاد

    گوجرہ (باغی ٹی وی،نامہ نگارعبدالرحمن جٹ) گوجرہ انٹرنیشنل سٹیڈیم میں دوستانہ ہاکی میچ کا انعقاد ہوا، جس میں گوجرہ اسپورٹس اور فیسکو واپڈا کی ٹیموں نے حصہ لیا۔ میچ دلچسپ رہا اور دونوں ٹیموں نے شاندار کارکردگی دکھائی۔

    تقریب کے مہمانِ خصوصی سیشن کورٹ کے معزز جج وسیم صاحب تھے، جنہوں نے نوجوان کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی اور کہا کہ ایسے مقابلے کھیل کے فروغ، خود اعتمادی اور ٹیم ورک کے جذبے کو پروان چڑھاتے ہیں۔

    اختتام پر گوجرہ اسپورٹس کے چیف کوچ خاور جاوید نے مہمانِ خصوصی کا شکریہ ادا کیا اور انہیں یادگاری شیلڈ پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ گوجرہ ہمیشہ سے بہترین کھلاڑیوں کو پروان چڑھاتا رہا ہے اور ایسے مقابلے مستقبل کے ستارے پیدا کرنے میں معاون ثابت ہوں گے۔

  • گوجرہ: نامعلوم وجوہات پر فائرنگ، ایک شخص قتل

    گوجرہ: نامعلوم وجوہات پر فائرنگ، ایک شخص قتل

    گوجرہ (باغی ٹی وی،نامہ نگارعبدالرحمن جٹ) گوجرہ کے نواحی گاؤں چک 245 گ ب، علاقہ تھانہ صدر گوجرہ میں فائرنگ کے واقعے میں ایک شخص قتل ہو گیا۔

    ابتدائی معلومات کے مطابق پولیس کو اطلاع ملی کہ 245 گ ب میں محمد حنیف کے ڈیرہ پر عبدالرحمن اور ساجد عرف ساجا موجود تھے۔ اسی دوران علی رضا عرف موچھا اور ساجد عرف ملنگ چک نمبر 211 گ ب سے وہاں پہنچے اور آتے ہی فائرنگ شروع کر دی، جس کے نتیجے میں ساجد عرف ساجا شدید زخمی ہو گیا اور زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر ہی جان بحق ہو گیا۔

    فائرنگ کی وجہ عناد تاحال معلوم نہیں ہو سکی۔ مقامی پولیس نے موقع پر پہنچ کر کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔ مقتول کی لاش کو ضروری قانونی کارروائی کے لیے گورنمنٹ آئی کام جنرل ہسپتال گوجرہ منتقل کر دیا گیا ہے۔

  • گوجرہ: فوڈ اتھارٹی کا غیر قانونی سلاٹر ہاؤس پر چھاپہ، مضر صحت گوشت برآمد، دو ملزمان گرفتار

    گوجرہ: فوڈ اتھارٹی کا غیر قانونی سلاٹر ہاؤس پر چھاپہ، مضر صحت گوشت برآمد، دو ملزمان گرفتار

    گوجرہ(باغی ٹی وی،نامہ نگارعبدالرحمن جٹ) فوڈ اتھارٹی کا غیر قانونی سلاٹر ہاؤس پر چھاپہ، مضر صحت گوشت برآمد، دو ملزمان گرفتار

    تفصیل کے مطابق ڈپٹی ڈائریکٹر پنجاب فوڈ اتھارٹی عدنان حیدر نے اپنی ٹیم کے ہمراہ گوجرہ کے محلہ نیو پلاٹ میں غیر قانونی نجی سلاٹر ہاؤس پر چھاپہ مارا، جس کے دوران 6 من (245 کلوگرام) مضر صحت گوشت برآمد کیا گیا۔ کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے ٹی ایم سی کی جعلی سرکاری مہر بھی برآمد کی گئی۔

    فوڈ سیفٹی ٹیم نے ملزمان محمد عرفان ولد طفیل ضیاء اور احسان ولد طاہر علی کو گرفتار کر لیا۔ دونوں ملزمان کے خلاف تھانہ سٹی پولیس نے پنجاب فوڈ اتھارٹی ایکٹ 2011 کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے۔

    ڈپٹی ڈائریکٹر عدنان حیدر کا کہنا تھا کہ عوام کی صحت کے ساتھ کھیلنے والوں کے خلاف کارروائیاں بلا تفریق جاری رہیں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ جو لوگ بیمار اور لاغر گوشت عوام کو بیچنے کی کوشش کریں گے، ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔