موٹروے پولیس ٹریننگ کالج شیخوپورہ میں تقریب،گورنر کی آمد

0
40

شیخوپورہ (نمائندہ باغی ٹی وی) نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس ملک پاکستان کا وہ قابلِ رشک ادارہ ہے جس نے نا صرف پاکستان بلکہ پورے اقوام عالم میں اپنی ایمانداری، خوش اخلاقی اور قانون کی سر بلندی جیسے اوصاف سے ہمارا سر فخرسے بلند کیاہے ان خیالات کا اظہار گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کے شیخوپورہ میں واقع ٹریننگ کالج میں واٹر فلٹریشن پلانٹ کے افتتاح کی تقریب کے موقع پر کیا۔
صوبائی وزیر انسانی حقوق اعجاز عالم، صوبائی وزیر ڈیزاسٹرمینجمنٹ اتھارٹی میاں خالدمحمود، کمانڈنٹ ٹریننگ کالج ڈی آئی جی محبوب اسلم، ڈی آئی جی ایم فور سلطان چوہدری، ڈی آئی جی سنٹرل زون ڈاکٹر مظہرالحق کاکا خیل، ڈی سی او شیخوپورہ اصغر جوئیہ، ڈی پی او شیخوپورہ غلام مبشر میکن ا ور موٹروے پولیس کے افسران کی کشیر تعداد نے تقریب میں شرکت کی۔

موٹروے پولیس ٹریننگ کالج شیخوپورہ آمد پرگورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کو موٹروے پولیس کے چاق وچوبند دستے نے سلامی پیش کی۔بعد ازاں گورنر پنجاب نے موٹروے پولیس ٹریننگ کالج کو سرور فاؤنڈیشن کی طرف سے عطیہ کیے گئے واٹر فلٹریشن پلانٹ کا افتتاح کیا۔
اس موقع پر موٹروے پولیس افسران سے خطاب کرتے ہوئے گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا کہ یہ جدید واٹر فلٹریشن پلانٹ جو دو ہزار لیٹر پانی فی گھنٹہ فلٹریشن کی استعدادرکھتا ہے موٹروے پولیس کے زیرِتربیت افسران کے لئے سرور فاؤنڈیشن کی طرف سے ایک تحفہ ہے جس سے سینکٹروں افسران پینے کے صاف پانی سے مستفید ہوں گے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ اُن کی خواہش ہے کہ ملک کے دیگر ادارے بھی موٹروے پولیس کی تقلید کریں۔ گورنر پنجاب نے مزید کہا کہ پولیس کا کام انتہائی مشکل ہے اور آئی جی موٹروے کلیم امام نے ہمیشہ اپنے ماتحتوں کی ویلفیر کے لئے کام کیا ہے۔گورنر پنجاب نے کہاکہ میرٹ پر بھرتی، اعلی اوصاف پر تربیت اور اداروں کو سیاسی مداخلت سے پاک کر کے ہی اس ملک کو قا ئد اعظم کا پاکستان بنایا جا سکتا ہے۔گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے موٹروے پولیس کے تربیتی ادارے میں افسران کی جدید طرز پرتربیت کرنے پر آئی جی موٹروے ڈاکٹر سید کلیم امام اور کمانڈنٹ ٹریننگ کالج ڈی آئی جی محبوب اسلم کی کاوشوں کو سراہا۔
قبل ازیں انسپکٹر جنرل نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس ڈاکٹر سید کلیم امام نے تقریب کے آغاز میں موٹروے پولیس کے شہداء کے درجات کی بلندی کے لئے دعاکی۔آئی جی موٹروے نے کہا کہ موٹروے پولیس پاکستان کے تمام پولیس اداروں میں نمایا ں مقام رکھتی ہے جس کی وجہ اس آرگنائزیشن کے افسران کی بہترین خطوط پر تربیت ہے۔آئی جی نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس ڈاکٹر سید امام کلیم نے گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کی موٹروے پولیس ٹریننگ کالج آمد پر اُن کا شکریہ ادا کیااورکہا کہ گورنر پنجاب کی آمد سے تمام افسران کے حوصلے بلند ہوئے ہیں آئی جی نے مزید کہا کہ وہ ان کویقین دلاتے ہیں کہ موٹروے پولیس افسران ملکی شاہرات پر قانون کی بالا دستی کو یقینی بنانے، انسانی خدمت اور لوگوں کے جان و مال کے تحفظ کے لئے اپنی تمام توانائیاں بروئے کار لاتے رہیں گے۔ تقریب کے آخر میں آئی جی نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس ڈاکٹر سید کلیم امام نے موٹروے پولیس کی طرف سے گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کو موٹروے پولیس ٹریننگ کالج آمد پر یادگاری شیلڈ پیش کی۔گورنر پنجاب کی طرف سے آئی جی موٹروے پولیس کو شیلڈ جبکہ کمانڈنٹ ٹریننگ کالج ڈی آئی جی محبوب اسلم کو تعریفی سرٹیفیکیٹ بھی دیا گیا۔

Leave a reply