نشان حیدر کا اعزاز پانے والے میجر طفیل شہید کے مزار پر تقریب:گارڈ آف آنر پیش

0
71

راولپنڈی: 75 ویں یوم آزادی کے موقع پر 1958 میں وطن کے دفاع کیلئے جام شہادت نوش کرنے والے میجر طفیل محمد شہید کو پاک فوج کے چاک وچوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یوم آزادی کے موقع پر 1958 میں جام شہادت نوش کرنے والے میجر طفیل محمد شہید کے مزار پر تقریب کا انعقاد کیا گیا، میجر جنرل منیرالدین، جنرل آفیسر کمانڈنگ 35 ڈویژن نے میجر طفیل کے مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی جبکہ پاک فوج کے چاق وچوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق تقریب میجر طفیل محمد شہید نشان حیدر کے آبائی علاقے طفیل آباد تحصیل عارف والا میں ہوئیم جس میں عوام، سول وعسکری حکام اور شہید کے لواحقین نے شرکت کی۔خیال رہے کہ میجر طفیل پاکستان کا سب سے بڑا عسکری اعزاز ’’نشان حیدر‘‘ حاصل کرنے والے دوسرے سپوت تھے۔

میجر طفیل محمد 22جولائی 1914ء کو مشرقی پنجاب کے شہر ہوشیار پور میں پیدا ہوئے تھے، 1943 میں انہوں نے فوج میں کمیشن حاصل کیا اور 1947ء میں اپنے پورے خاندان کے ہمراہ پاکستان آگئے اور یہاں فوج میں خدمات انجام دینے لگے۔

جون 1958ء میں میجر طفیل محمد کی تعیناتی ایسٹ پاکستان رائفلز میں ہوئی۔ اگست 1958ء کے اوائل میں انہیں لکشمی پور کے علاقے میں ہندوستانیوں کا راستہ روکنے کا حکم ملا۔

میجر طفیل محمد نے لکشمی پور میں بھارتی چوکیوں کا صفایا کرتے ہوئے ملک کی آخری دم تک حفاظت جاری رکھی اور شہادت کے عظیم رتبے پر فائز ہوئے۔ آپ کو فاتحِ لکشمی پور کا اعزاز بھی دیا گیا۔

Leave a reply