ڈی جی خان: سیلاب کے دوران بروقت اور بہتر انتظامات کرنے پر حکومت پنجاب کی طرف سے ڈپٹی کمشنر کو تعریفی سند

باغی ٹی وی ،ڈیرہ غازیخان ( نامہ نگار) وزیر اعلی پنجاب چودھری پرویزا لہی کی ہدایت پر چیف سیکرٹری پنجاب نے سیلاب زدہ علاقوں میں ریسکیو آپریشن، امدادی سرگرمیوں،سروے اور دیگر متعلقہ معاملات میں بہتر کارکردگی پر ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازیخان محمد انور بریار کو تعریفی سند دی ہے جس پر ڈپٹی کمشنر نے اپنی ٹیم کے افسران و ملازمین کو بھی تعریفی اسناد سے بھی نوازا ہے۔ اس حوالے سے ضلع کونسل ہال میں تقریب منعقد ہوئی،ڈپٹی کمشنر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ڈیرہ غازیخان کی پچاس سالہ تاریخ میں اتنا بدترین سیلاب نہیں آیا،25جولائی سے ڈیڑھ ماہ تک شدید بارشوں اور رودکوہیوں کے سیلابی ریلوں نے نظام زندگی کو بری طرح متاثر کیا تاہم ایڈیشنل کمشنرسے لے کر نائب قاصد تک میری پوری ٹیم فیلڈ میں متحرک رہی،سیلابی ریلوں کے متاثرین کے محفوظ انخلاء، ریلیف کیمپس،متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں اور جاری سروے میں ان کی ٹیم کے ہر فرد نے مثالی کردارادا کیا۔یہ تعریفی اسناد وزیر اعلی پنجاب اور چیف سیکرٹری پنجاب کی ہدایات پر ان کی ٹیم کے ہر رکن کو دی جا رہی ہیں۔تقریب میں سیلاب کے دوران جاں بحق ہونے والے پٹواری مختیار حسین کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔تقریب میں کمپیئرنگ کے فرائض محبوب حسین جھنگوی نے انجام دیئے۔

Leave a reply