پوری دنیا میں کہیں وینٹی لیٹرز دستیاب نہیں، چین 800 وینٹی لیٹرز دیگا: چیئرمین نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی

0
51

اسلام آباد :پوری دنیا میں کہیں وینٹی لیٹرز دستیاب نہیں، چین 800 وینٹی لیٹرز دیگا: چیئرمین نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی کی میڈیا کوبریفنگ:اطلاعات کے مطابق نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل نے کہا ہے کہ پوری دنیا میں کہیں بھی وینٹی لیٹرز دستیاب نہیں ہیں مگر چین نے 800 وینٹی لینٹر دینے کا کہا ہے۔


چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل کا سینیئر صحافیوں سے گفتگو میں کہنا تھا کہ ملک میں 9 چھوٹے بڑے اسپتالوں کو تیار کرلیا گیا ہے اورکراچی میں 2 اسپتالوں کو کورونا کے لیے مختص کرلیا گیا ہے جس کے بعد ملک میں 1600 بستروں کی سہولت بن گئی ہے۔انہوں نے بتایا کہ اس وقت پوری دنیا میں کہیں وینٹی لیٹرز دستیاب نہیں تاہم چینی سفیر کی مدد سے 800 وینٹی لیٹرز کی بکنگ کرلی گئی ہے۔

چیئرمین این ڈی ایم اے کا کہنا تھا کہ ایک لاکھ پی سی آر ٹیسٹنگ کٹس کا آرڈر دے دیا ہے، ایک پی سی آر ٹیسٹنگ کٹس سے 90 ٹیسٹ کیے جاسکتے ہیں، اس کے علاوہ 2 لاکھ این 95 ماسک کا آرڈر دیا ہے اور یہ ماسک ڈاکٹرز اور طبی عملے کے لیے منگوا رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ چینی کمپنی نے 50 ہزار این 95 ماسک عطیہ کیے ہیں جبکہ لاہور اور کراچی میں 12 ملین ماسک موجود ہیں۔

قبل ازیں کورونا وائرس کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت قومی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں چیئرمین این ڈی ایم اے نے آلات کے آرڈرز سے متعلق بریفنگ دی۔ذرائع نے بتایا کہ چیئرمین این ڈی ایم اے کا کہنا تھا کہ چند روز تک 600 وینٹی لیٹرز چین سے مل جائیں گے اور جلد ہی میڈیکل آلات بھی مل جائیں گے۔

خیال رہے کہ کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر صوبہ سندھ ہے جہاں ایک مریض انتقال کرچکا ہے اور متاثرہ مریضوں کی تعداد 252 ہے۔پاکستان میں مجموعی طور پر اب تک 3 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں جبکہ ملک بھر میں متاثرہ افراد کی تعداد 495تک جاپہنچی ہے۔

Leave a reply