سینیٹ آف پاکستان کا چیئرمین صادق سنجرانی کی صدارت میں‌ اہم فیصلے اداروں کے درمیان رابطوں کومظبوط بنانےپرزور

اسلام آباد: چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی کی زیر صدارت پاکستان کے ادارے برائے پارلیمانی خدمات میں اہم اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں سول سرونٹس کی ٹریننگ اور پارلیمانی امور و نظام کار کی آگاہی سے متعلق اہم فیصلے کئے گئے۔

چیئرمین سینیٹ نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ادار ے نے سول سرونٹس اور آئینی اداروں کے درمیان رابطہ کاری کیلئے موثر حکمت عملی وضع کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ادارے برائے پارلیمانی خدمات کی رسائی کو بڑھانے کیلئے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں اور پارلیمان او ر اداروں کا آپس میں رابطہ ہو گا تو عوامی مسائل حل ہونگے۔ 

اجلاس میں پپبس کے قانون میں ترمیم کے حوالے سے بھی امور کا جائزہ لیا گیا۔ترمیم کے ذریعے سول سرونٹس کے لئے پارلیمانی امور سے متعلق ٹریننگ لازمی قرار دی جائے گی۔ افسران کے استعداد کار و بڑھانے کیلئے یہ پلیٹ فارم موثر ثابت ہو سکتا ہے۔ اجلاس میں باضابطہ گریڈ 17کے 40افسروں کے پہلے بیچ کو ٹریننگ دینے کا فیصلہ کیا گیا اور یہ ٹریننگ اکتوبر میں دی جائے گی۔وفاق اور صوبوں سے گریڈ 17کے افسران کو نامزد کرنے کا مرحلہ شروع کیا جائے گا۔

اسٹیبلشمنٹ ڈویژن اور چیف سیکرٹریز کو افسران کی نا مزدگی کے لئے باقاعدہ مراسلہ بھیجا جائے گا۔ اجلاس میں چیئرمین سینیٹ کو اضافی افرادی قوت کی تقرری کے عمل کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا گیا۔چیئرمین سینیٹ نے پپبس کی کاوشوں کی تعریف کی اور کہا کہ پپبس کو پارلیمانی خدمات کے حوالے سے سینٹر آف ایکسیلنس بنایا جائے گا۔پپبس کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر محمد انور اور حکام نے چیئرمین سینیٹ کو تفصیلی بریفنگ دی۔

Comments are closed.