چاند رات اور عیدالاضحیٰ،لاہور پولیس نے سکیورٹی پلان مرتب کر لیا

0
29

لاہور پولیس آپریشنز ونگ کی جانب سے چاند رات اور عیدالاضحی کے موقع پرنمازِ عید اجتماعات اور قبرستانوں کی سکیورٹی یقینی بنانے کیلئے مربوط سکیورٹی پلان مرتب کیا گیا ہے۔
مسلح افواج پر تنقید کی سزا پانچ سال قید،دو لاکھ جرمانہ، عمران ریاض خان کی اپنی ویڈیو وائرل

ڈی آئی جی آپریشنز کیپٹن(ر) محمد سہیل چودھری نے تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ لاہور پولیس کے 07 ایس پیز،35ڈی ایس پیز،83ایس ایچ اوز سمیت 08ہزارسے زائدپولیس جوان ڈیوٹی کے فرائض سرانجام دیں گے۔چاند رات اورعیدالاضحی پر ون ویلنگ، ہوائی فائرنگ اور ہلڑبازی کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔شہرکے داخلی وخارجی راستوں پرسکیورٹی ہائی الرٹ رہے گی جبکہ گاڑیوں، موٹر سائیکلوں اور اشخاص کی سخت چیکنگ یقینی بنائی جائے گی.

 

خواتین افسران کے فون نمبر فحش ویب سائٹ پر شیئر کرنیوالے ملزم گرفتار

 

شہر بھر کی4893 مساجد کو تین کیٹیگریز میں تقسیم کیا گیا ہے۔کیٹیگری اے میں 146،بی میں 713جبکہ کیٹیگری سی میں 4034مساجد شامل ہیں۔187کھلے مقامات پر نمازیوں کی سکیورٹی کیلئے15سو کے قریب پولیس جوان سکیورٹی پر مامور ہونگے۔نمازیوں کو تین درجاتی حفاظتی حصار پر مبنی سکیورٹی فراہم کی جائے گی۔مساجد،امام بارگاہوں، عبادت گاہوں کی چھتوں پر سنائپرز تعینات ہونگے۔چیکنگ کیلئے میٹل ڈیٹیکٹرزاور واک تھرو گیٹس کا استعمال یقینی بنایا جائے گا۔

چاند رات، عید کے ایام میں ون ویلنگ اورہلڑ بازی روکنے کیلئے 55 ٹیمیں تشکیل دی گئیں ہیں۔سادہ لباس میں ملبوس پولیس اہلکار بھی امن و امان یقینی بنانے کے لئے اہم مقامات پر تعینات ہونگے۔ شہر کے 10 پارکس پر 365 اہلکار تعینات کئے گئے ہیں۔ڈولفن سکواڈ،پولیس رسپانس یونٹ کی ٹیمیں شہر بھر میں مسلسل پٹرولنگ کریں گئیں۔شہر بھر میں سرچ آپریشنز، سنیپ چیکنگ، بائیو میٹرک تصدیق سمیت حفاظتی اقدامات جاری ہیں۔

ڈی آئی جی آپریشنز نے والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کو ون ویلنگ اور پتنگ بازی جیسے خونی کھیلوں سے دور رکھیں۔انہوں نے متنبہ کیا کہ ون ویلنگ اور پتنگ بازی میں ملوث افراد سے کسی قسم کی کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی لہٰذاعید کی خوشیاں بھرپور طریقے سے منانے کیلئے اپنے پیاروں کوغیر قانونی سرگرمیوں سے دور رکھیں.

مزید برآں انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب راؤ سردار علی خان نے کہاہے کہ عید قربان کی چھٹیوں میں ملکہ کوہسار مری میں سیاحوں کی سہولت، تحفظ اور ٹریفک کی بلا تعطل روانی کو یقینی بنانے کیلئے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لاکر بہترین انتظامات کئے جائیں اور مری ٹورازم پولیس کے اہلکار و افسران شہریوں کی خدمت، راہنمائی اور سکیورٹی کیلئے کوئی کسر نہ اٹھا رکھیں۔

آئی جی پنجاب نے عید کی چھٹیوں اور لانگ ویک اینڈ پر چیف ٹریفک آفیسرمری کو ٹریفک کے بہترین انتظامات کرنے کا ٹاسک دیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ رش کے پیش نظر شاہرات اور مصروف پوائنٹس پر وارڈنز کی اضافی نفری تعینات کی جائے، ٹریفک روانی میں دانستہ غفلت کسی صورت برداشت نہیں ہو گی۔آئی جی پنجا ب نے مری ٹورازم پولیس کے دستے میں شامل جوانوں کی کارکردگی اور جوش و جذبے کو سراہا۔انہوں نے ہدایت کی کہ مری ٹورازم پولیس کے اہلکار عید کی چھٹیوں میں مری آنے والے سیاحوں کی مدد اور تحفظ کیلئے کوئی کسر اٹھانہ رکھیں اور خاص طور پرفیملیز کو ہر ممکن راہنمائی اور سکیورٹی فراہم کریں۔

راؤ سردار علی خان نے کہاکہ مری میں گاڑیوں اور داخلے اور اخراج کے حوالے سے جاری کردہ ایس او پیز پر عملدرآمد کیا جائے اور سپروائزری افسران عید کی چھٹیوں میں خود فیلڈ میں نکل کر ٹریفک اورسکیورٹی انتظامات کی نگرانی کریں۔آئی جی پنجاب نے کہاکہ پری مون سون سیزن اور شدید بارشوں کے پیش نظر ہرطرح کے حالات سے نمٹنے کی تیاری رکھی جائے اورپولیس،ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مل کر محکمہ موسمیات کی طرف سے جاری کردہ ایڈوائزری کے مطابق انتظامات مکمل کریں۔

راؤ سردار علی خان نے کہاکہ کسی بھی ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لیے اضافی پولیس ٹیمیں ہر وقت تیار رہیں تاکہ چھٹیاں منانے آنیو الے شہریوں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ یہ ہدایات انہوں نے آج دور ہ مری کے موقع پر پتریاٹہ پولیس کاٹیج کے افتتاح کے موقع پر مری پولیس اور ٹریفک پولیس کے افسران کو ہدایات دیتے ہوئے کیا۔

آئی جی پنجاب نے پتریاٹہ میں نو تعمیر شدہ پولیس کاٹیج میں افسران کو عید کی چھٹیوں میں سیاحوں کی حفاظت، ٹریفک کی روانی اور انتظامی امور بارے ہدایات جاری کیں۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ سپروائزری افسران عید کی چھٹیوں میں خود فیلڈ میں نظر آئیں اور تشکیل کردہ سکیورٹی پلان کے مطابق شہریوں کی خدمت اور تحفظ کے فرائض سر انجام دیں۔ اس موقع پر آر پی او راولپنڈی، سی پی او راولپنڈی، مری ٹورازم اور ٹریفک پولیس کے دیگر افسران بھی موجود تھے۔

Leave a reply