ایڈمنسٹریٹر کراچی کی تبدیلی نے پی پی کا گھنوناچہرہ بے نقاب کردیا:خرم شیرزمان

0
36

کراچی:ایڈمنسٹریٹر کراچی کی تبدیلی نے پی پی کا گھنوناچہرہ بے نقاب کردیا،اطلاعات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کراچی کے صدر و رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی نے اپنے 14سالہ دور حکومت میں کراچی شہر سے اسکی رونقیں چھین لیں، اب سن کوٹے پر آئے ایک شخص کو ایڈمنسٹریٹر کراچی لگا کر نہ صرف معاہدے کی خلاف ورزی کے ساتھ ساتھ کراچی کو مزید تباہی کی طرف دھکیلنے کی منصوبہ بندی بھی کی جارہی ہے۔ جو صوبائی حکومت تمام تر اختیارات ہونے کے باوجود شہر کراچی کو اسکا حق نہیں دے سکی وہ ایڈمنسٹریٹر تبدیل کر کے کونسا تیر مارنے کا سوچ رہی ہے۔

پارٹی سیکریٹریٹ انصاف ہاوس سے جاری اپنے بیان میں خرم شیر زمان کا مزید کہنا تھا کہ ایڈمنسٹریٹر کراچی کی تبدیلی کے فیصلے سے پیپلز پارٹی قیادت کی بدنیتی صاف ظاہر ہوتی ہے۔ اس وقت شہر کی ابتر صورتحال دیکھ کر ایسا لگتا ہے جیسے یہاں حکومت نام کی کوئی چیز نہیں۔ شہر میں صفائی ستھرائی،پانی کی تقسیم سمیت دیگر بنیادی مسائل بڑھتے جارہے ہیں لیکن سندھ حکومت کے کان میں جوں تک نہیں رینگتی۔ پیپلز پارٹی نے کراچی کے شہریوں کو محرومیوں کے سوا کچھ نہیں دیا، یہی حال پورے سندھ کا ہے۔ سندھ حکومت صوبے کے خزانے پر ناگ بن کر بیٹھی ہے۔

خرم شیر زمان کا مزید کہنا تھا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے سندھ کے عوام کی بہتر کے لئے کئے جانے والے اقدامات میں پیپلز پارٹی سب سے بڑی رکاوٹ بنی ہوئی ہے۔ پیپلز پارٹی کی حکومت کی وجہ سے سندھ کے عوام ہیلتھ کارڈ سمیت دیگر سہولیات سے محروم ہیں۔سندھ حکومت وفاق کے ہر اچھے اقدام کی مخالفت کرتی ہے، انہیں سندھ کے عوام کی فلاح اور ترقی سے کوئی سروکار نہیں، یہ صرف اپنی جیبیں بھرنے کے لئے سندھ پر قابض ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ سندھ میں تبدیلی اب ناگزیر ہوچکی ہے۔سندھ میں تبدیلی کے لئے وفاقی حکومت اب آئینی اقدامات کرے گی۔ پیپلز پارٹی سے سندھ کے عوام کی جان چھڑا کر یہاں حقیقی تبدیلی لائیں گے۔

Leave a reply