ننکانہ صاحب باغی ٹی وی (نامہ نگار احسان اللہ ایاز)بابا گورو نانک یونیورسٹی ننکانہ صاحب نے ترکی کی چانکری کراٹے کین یونیورسٹی کے ساتھ مفاہمتی یادداشت (MoU) اور ایراسمس تعاون معاہدہ پر دستخط کرکے بین الاقوامی علمی و تحقیقی تعاون کی جانب ایک اہم قدم بڑھا دیا ہے۔ اس شراکت داری کا مقصد تعلیمی معیار میں بہتری، تحقیق کے نئے مواقع کی فراہمی اور پائیدار عالمی روابط کے فروغ کو یقینی بنانا ہے۔

معاہدے پر رجسٹرار مسٹر مبشر طارق اور پروفیسر ڈاکٹر مولود کراتاش (ریکٹر، چانکری کراٹے کین یونیورسٹی) نے دستخط کیے۔ اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹر اظہر رسول (ڈائریکٹر ORIC) اور پروفیسر ڈاکٹر وولکان ایوپوغلو نے بطور گواہ شرکت کی۔
تقریب میں پروفیسر ڈاکٹر کفیل احمد (ڈین، فیکلٹی آف نیچرل سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی) سمیت اساتذہ و عملے کی بڑی تعداد موجود تھی، جس سے اس شراکت کی ادارہ جاتی اہمیت مزید واضح ہوئی۔

ایراسمس تعاون فریم ورک کے تحت پروفیسر ڈاکٹر اظہر رسول اور ڈاکٹر شعیب توران کو دونوں جامعات کے درمیان فوکل پرسن نامزد کیا گیا ہے۔ وہ:

مشترکہ تحقیقی سرگرمیوں کی منصوبہ بندی
فیکلٹی اور طلبہ کے تبادلہ پروگراموں
ادارہ جاتی روابط کی مضبوطی
کے امور کی نگرانی کریں گے۔

رجسٹرار مبشر طارق نے کہا کہ:”یہ شراکت داری بابا گورو نانک یونیورسٹی کے عالمی علمی نیٹ ورک کو وسعت دینے میں سنگِ میل ثابت ہوگی۔ ہم اپنے طلبہ و اساتذہ کو بین الاقوامی تحقیق، تربیت اور علمی تبادلوں کے نئے مواقع فراہم کریں گے۔”

پروفیسر ڈاکٹر مولود کراتاش نے کہا کہ:
"یہ تعاون علمی بہتری اور بین الاقوامی روابط کے فروغ کے ہمارے مشترکہ عزم کی مضبوط تعبیر ہے۔ ہم تحقیق اور تعلیمی تبادلوں کے ایک نئے دور کے آغاز کے منتظر ہیں۔”
اس معاہدے کے تحت دونوں جامعات کے درمیان:
اکیڈمک و اسٹاف موبلٹی
مشترکہ تحقیقی منصوبے
تربیتی پروگرام
طویل المدتی ادارہ جاتی شراکت داری
کو فروغ ملے گا، جس سے بابا گورو نانک یونیورسٹی کے عالمی روابط مزید مستحکم ہوں گے اور مستقبل میں بین الاقوامی تعاون کے نئے در وا ہوں گے۔

Shares: