چینی ایک سو دس روپے کلو پر فروخت، انتظامیہ بے بس

0
21

شیخوپورہ(نمائندہ باغی ٹی وی)شہر بھر میں ڈپٹی کمشنر محمد اصغر جوئیہ چینی کی 85روپے فی کلو فروخت کے اپنے ہی احکامات پر عملدر آمد کروانے میں ناکام ہوگئے چھوٹی بڑی دکانوں اور گلی محلوں میں چینی 100روپے سے 110روپے فی کلو تک فروخت کی جارہی ہے خریدار کی طرف سے سرکاری نرخوں پر چینی فروخت کرنے کی بات سنتے ہی یہ دکاندار آگ بگولہ ہو جاتے ہیں اور خریدار کو چینی دینے سے ہی انکار کردیا جاتا ہے

چینی کی مقررہ قیمت پر فروخت کیلئے ضلعی انتظامیہ اور پرائس کنٹرول کمیٹیاں کوئی عملی اقدامات نہ اٹھا سکیں شہریوں کی طرف سے بارہا شکایات کے باوجود نہ تو مہنگی چینی کی فروخت پر جرمانے کیلئے جارہے ہیں نہ گراں فروشی پر گرفتاریاں اور جر مانے ہورہے ہیں

رمضان المبارک کاتیسرا اور آخری عشرہ شروع ہو چکا ہے لیکن اشیاء خوردونوش کی قیمتوں پر قابو نہ پایا جاسکا، الیکٹرونک، پرنٹ و سوشل میڈیا پر چینی آٹا اور مرغی کے گوشت کی مصنوعی قلت اورخودساختہ اضافہ سمیت دیگر اشیاء خوردونوش کی قیمتوں میں اضافے کی خبروں کی اشاعت اور انتظامیہ کی طرف سے نوٹس نہ لئے جانے کے خلاف احتجاج کے باوجود بھی انتظامیہ اور پرائس کنٹرول کمیٹی کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگی

روزہ دار مقررہ سرکاری نرخوں پر اشیاء خوردو نوش کے حصول کیلئے خوار ہو کر رہ جاتے ہیں، کھجور 300روپے فی کلو، کیلا 150 فی درجن،سیب 180روپے، فالسہ 400روپے فی کلو، بکرے کا گوشت 1200روپے فی کلو اور گائے کا گوشت 600روپے فی کلوجبکہ ڈالٹا گھی 290روپے فی کلوفروخت کیا جارہا ہے شہری حلقوں کا کہنا ہے کہ ڈپٹی کمشنر اور اسسٹنٹ کمشنر ز بھاری تنخواہوں اور مراعات کے باوجود مصنوعی مہنگائی پر قابو نہیں پاسکے

وزیر اعلیٰ پنجاب جن شہروں میں اشیاء خوردونوش کی قیمتوں میں اضافے کی شکایات مل رہی ہیں انکی انتظامیہ کو معطل کریں جبکہ حکمران جماعت کی طرف سے اعزازی طور پر جن پی ٹی آئی نمائندوں کو پرائس کنٹرول کمیٹیوں کے چیئرمینز نامزد کیا گیا ہے وہ بھی صرف سوشل میڈیا پر ذاتی تشہیر کی حد تک محدود ہو کر رہ گئے ہیں۔

Leave a reply