گودار میں پولیس اہلکار کی شہادت پر وزیراعلیٰ کا نوٹس، ملوث افراد کو گرفتار کرنے کی ہدایت

0
22

کوئٹہ: وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو اور صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو نے حق دو تحریک کے مشتعل مظاہرین کے ہاتھوں پولیس اہلکار کی شہادت کی شدید الفاظ مذمت کی ہے۔وزیراعلیٰ بزنجو نے حکام کو واقعے کی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے ملزمان کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیم تشکیل دینے کا حکم دیا اور کہا کہ فائرنگ کے مجرموں کو جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔

 

 

انہوں نے کہا کہ ہم اس معاملے کا جائزہ لے رہے ہیں اور اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ اس واقعے کے ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے اور ملزمان کو قانون کے مطابق سزا دی جائے۔

 

 

عبدالقدوس بزنجو نے کہا کہ ’’اشتعال انگیزی کے باعث ایک نوجوان پولیس اہلکار کی شہادت انتہائی افسوسناک ہے۔ اللہ شہید اہلکار کے درجات بلند کرے اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے”۔ انہوں نے کہا کہ ایسے واقعات ناقابل برداشت ہیں اور چیئرمین حق دو تحریک کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کی ہدایت کی ہے۔

 

یاد رہے کہ اس سے پہلےبلوچستان حکومت کے ترجمان نے کہا ہے کہ گوادر میں حق دو تحریک کے مظاہرین کی فائرنگ سے پولیس اہلکار شہید ہوگیا، جس پر مولانا ہدایت الرحمان کے خلاف قتل کی ایف آئی آر درج کی جارہی ہے۔

گوادر میں صورت حال پر بلوچستان حکومت کے ترجمان نے بیان جاری کیا کہ گوادر میں حق دو تحریک کے مشتعل مظاہرین کی اشتعال انگیزی جاری ہے، مشتعل مظاہرین نے فائرنگ کرکے پولیس اہلکار کو شہید کر دیا، پولیس اہلکار پر مظاہرین کی جانب سے براہ راست فائرنگ کی گئی، جس سے اُسکی گردن پر گولی لگی اور وہ موقع پر ہی شہید ہوگیا۔

Leave a reply