پاک بحریہ کے سربراہ کی بحریہ یونیورسٹی کے 44 ویں بورڈ آف گورنر ز اجلاس کی صدارت
چیف آف نیول سٹاف ایڈمرل محمدامجد خان نیازی نے بحریہ یونیورسٹی ہیڈ آفس اسلام آباد میں یونیورسٹی کے 44 ویں بورڈ آف گورنرز کے اجلاس کی صدارت کی۔ بورڈ آف گورنرز کے اجلاس میں یونیورسٹی میں جاری مختلف منصوبہ جات زیر بحث لائے گئے۔ نیول چیف جو بحریہ یونیورسٹی کے پرو چانسلر اور بورڈ آف گورنرز کے چیئر مین بھی ہیں نے اعلیٰ اخلاقی اقدار پر مبنی معیار ی تعلیم سے طلباء کی صلاحیتیں نکھارنے پر یونیورسٹی کی کاوشوں کو سراہا۔ انھوں نے یونیورسٹی کے وژن اور مقاصد سے ہم آہنگ تعلیمی معیار میں بہتری اور میری ٹائم تحقیق میں نئے پروگرامز متعارف کروانے پر یونیورسٹی انتظامیہ کی تعریف کی۔ بحریہ یونیورسٹی میری ٹائم تحقیق میں پاکستان کی سب سے بڑی یونیورسٹی ہے جس کا مقصد اس شعبے میں تحقیق کے فروغ سے ملکی بحری معیشت میں بہتری لانا ہے۔
بورڈ آف گورنرز کے اجلاس میں بورڈ ممبران بشمول سینئر نیول آفیسرز، سیکرٹری وزارت سائنس و ٹیکنالوجی، فنانشل ایڈوائزر پلاننگ منسٹری آف فنانس، ریکٹر بحریہ یونیورسٹی اور دیگر اعلیٰ انتظامیہ نے شرکت کی۔ ایڈمرل محمد امجد خان نیازی کی بطور نیول چیف اور بورڈ چیئرمین بورڈ آف گورنرز کا یہ پہلا اجلاس تھا۔