حافظ آباد (باغی ٹی وی، شمائلہ کی رپورٹ)علی پور روڈ کی مسلسل خستہ حالی، سیوریج کے نامکمل منصوبے اور ٹھیکیدار کی سست روی سے تنگ آ کر کمسن بچوں نے چارٹس کے ذریعے انوکھے انداز میں احتجاج ریکارڈ کروا دیا۔ بچوں نے اپنے مطالبات رنگین پلے کارڈز پر لکھ کر حکام بالا تک پہنچانے کی کوشش کی، جسے سوشل میڈیا پر بھی خاصی پذیرائی ملی۔
واضح رہے کہ علی پور روڈ کئی سالوں سے ناقص حالت میں ہے۔ متعدد بار سیوریج یا سڑک کی ازسر نو تعمیر کا آغاز تو کیا گیا، مگر کبھی بھی کوئی منصوبہ مکمل نہ ہو سکا۔ سیاسی جماعتوں نے الیکشن میں ووٹ تو لیے، لیکن عوامی مسائل حل کرنے پر کوئی توجہ نہ دی گئی۔ نتیجتاً اس علاقے کے مکین تقریباً ڈیڑھ دہائی سے روزانہ کی بنیاد پر گڑھوں، دھول، مٹی، اور حادثات کا سامنا کر رہے ہیں۔
چند روز قبل ایک بچی اسی سڑک پر گر کر ٹانگ تڑوا بیٹھی، مگر ٹھیکیدار اب بھی سستی کا شکار ہے۔ متعدد تعلیمی ادارے اور دیہی علاقے اسی روڈ سے جُڑے ہوئے ہیں جہاں سے روزانہ سینکڑوں طلباء و شہری گزرتے ہیں۔ اہل علاقہ نے متعلقہ حکام سے بارہا شکایات کیں، مگر شنوائی نہ ہو سکی۔
اب اس سست روی کے خلاف آواز بچوں نے بلند کی ہے، جو علی پور روڈ پر صاف، محفوظ، اور مکمل راستہ چاہتے ہیں۔ علاقے کے مکینوں اور بچوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری اقدامات کر کے سڑک کی تعمیر مکمل کی جائے تاکہ وہ روزمرہ کی زندگی میں سکون کا سانس لے سکیں۔
Shares: