fbpx

کیا افغانستان میں کچھ ہونے جارہا ہے؟چین نے اپنے شہری افغانستان سےنکال لیے

بیجنگ: امریکی انخلاء، چین نے اپنے شہری افغانستان سے نکال لیے،اطلاعات کے مطابق افغانستان کی صورت حال بہت تیزی سے تبدیل ہوتے نظرآرہی ہے اور حالات کا ادراک کرتے ہوئے چین نے افغانستان سے امریکی افواج کے انخلا میں تیزی آنے کیساتھ ہی وہاں موجود 210 چینی شہریوں کو اپنے ملک واپس بلا لیا ہے۔ دو جولائی کو ژیامن ایئرلائنز کا جہاز افغانستان میں پھنسے چینی شہریوں کو لے کر کابل سے چین کے شہر ووہان پہنچا۔

چین کے قونصلر افیئرز ڈپارٹمنٹ نے ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں کہا کہ چینی حکومت نے اپنے شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے انہیں یاددہانی کرائی ہے کہ وہ جس قدر جلد ہو سکے افغانستان سے نکلیں اور انہیں حکومت نے ضروری سفری سہولیات بھی فراہم کی ہیں۔

خیال رہے کہ امریکی صدر جوبائیڈن کے اگست کے اواخر میں امریکی افواج کے مکمل انخلا کے اعلان کے بعد سے افغانستان میں کافی غیر یقینی کی فضا قائم ہے اور ملک کے مختلف حصوں میں طالبان کی کارروائیاں جاری ہیں۔

امریکی حکومت کے انخلا کے فیصلے پر چینی حکومت نے سخت تنقید کی ہے اور جمعے کو چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ ’امریکا نے افغانستان سے جلدبازی میں انخلا کرکے اپنی ذمہ داریوں کو پس پشت ڈالا ہے اور وہ اپنے اس اقدام کے ذریعے خطے کے ممالک اور افغان عوام کو انتشار اور خانہ جنگی میں چھوڑ کر جا رہا ہے۔

اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق چین کے وزیر خارجہ وانگ یی آئندہ ہفتے شنگھائی کارپوریشن آرگنائزیشن کے اجلاس میں افغانستان کی سیکیورٹی صورت حال پر روس ، انڈیا ، پاکستان سمیت سنٹرل ایشیا کے وزراء خارجہ سے بات کریں گے۔یاد رہےکہ چینی شہریوں کی کابل سے واپسی کو سوشل میڈیا صارفین نے ’قومی فتح‘ قرار دیا ہے۔

ژیامن ایئر لایئنز کے پائلٹ کا یہ جملہ بھی سوشل میڈیا پر پوسٹ ہوا کہ یہ فلائٹ بالکل بھی آسان نہ تھی لیکن ہم اپنے ایک بھی شہری کو پیچھے چھوڑ نہیں سکتے تھے۔