چین کے بڑھتے ہوئے عالمی کردار سے امریکہ خائف کیوں؟ تحریر:ڈاکٹر سبیل اکرام

subiyal

چین کا قومی دن ہر سال یکم اکتوبر کو منایا جاتا ہے اس کا پس منظر یہ ہے کہ طویل خانہ جنگی سے چھٹکارے کے بعد 21ستمبر 1949ءکو چین کے عظیم راہنما ماﺅزے تنگ نے عوامی جمہوریہ چین کی بنیاد رکھی جبکہ یکم اکتوبر چین کا قومی دن قراردیا گیا ۔ ہر سال یکم اکتوبر سے سنہری ہفتہ کا آغاز ہوتا ہے، جسے پوری قوم کی طرف سے زبردست تیاریوں کے ساتھ مناتی ہے۔ بیجنگ، شن جن، ہاربین، ہانگ جو اور شیامن سمیت وسیع وعریض ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں تقریبات کا اہتمام کیا جاتا ہے۔اسی طرح پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد اور پاکستان کے سب سے بڑے صوبے پنجاب میں بھی اس مناسب سے تقریبات کااہتمام کیا جاتا ہے ۔حقیقت یہ ہے کہ پاکستان کو چین کی دوستی پر فخر ہے ۔ دونوں ممالک کے درمیان لازوال دوستی کا سلسلہ گزشتہ 74برسوں سے جاری ہے اور وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ یہ دوستی مضبوط تر ہوتی جا رہی ہے۔ 1951 ءمیں پاکستان اور چین کے درمیان سفارتی تعلقات کا قیام عمل میں آیا۔ یہاں سے پاکستان اور چین کے مابین باہمی تعلقات کا آغاز ہوا جو وقت کے ساتھ ساتھ مضبوط ترہوتے چلے گئے د±نیا اور خطے میں سیاسی تغیرو تبدل سے بالا تر دونوں ملکوں کی دوستی پروان چڑھتی رہی جو دیگر ممالک کے لیے ایک مثال ہے۔ پاکستان نے ہمیشہ عالمی اور علاقائی سطح پر چین کی حمایت کی ہے تائیوان، تبت ودیگر مسائل پر ہمیشہ چین کے اصولی موقف کی تائید کی۔ چین نے بھی پاکستان کی علاقائی سلامتی، آزادی اور حفاظت کے لیے کھلے دل کے ساتھ ہمیشہ مددو حمایت کی ہے ۔

چین کی عظمت اور ابھرتے ہوئے عالمی کردار کو شاعر مشرق مفکر پاکستان علامہ محمد اقبال نے بہت پہلے جان لیا تھا ۔1930ءکی دہائی میں چین میں جب مازﺅتنگ نے اپنی انقلابی تحریک کاآغازکیا اسی وقت شاعرمشرق علامہ محمداقبال نے اپنی شہرہ آفاق نظم ” ساقی نامہ “ لکھی تھی جس کے آخری دوشعریہ ہیں
گراں خواب چینی سنبھلنے لگے
ہمالہ کے چشمے ابلنے لگے
30ءکی دہائی میں حکیم الامت علامہ محمد اقبال نے چینی قوم کے بارے میں جوکچھ کہاتھا آج پوری دنیااسے حرف بحرف درست ثابت ہوتادیکھ رہی ہے۔چین ابھرتی ہوئی عالمی طاقت بن چکا ہے اوریہ بات یقین سے کہی جاسکتی ہے کہ چند سالوں میں چین امریکہ کے مقابلے کی طاقت بن جائے گا یا پھر امریکہ کو بھی پیچھے چھوڑ دے گا۔اس وقت چین جس جگہ کھڑاہے وہاں جنگ عظیم اول اوردوم کے وقت امریکہ کھڑاتھا۔اس وقت امریکہ ایک ابھرتی ہوئی عالمی طاقت بن رہاتھاجبکہ آج چین امریکہ کی جگہ لے رہاہے۔فرق یہ ہے کہ امریکہ کے عالمی طاقت بننے میں جنگ عظیم اول اور دوئم کابنیادی کردار ہے ۔یہ دونوںجنگیں امریکہ کے ساحلوں اورسرحدوں سے دوڑ لڑی گئی تھیں۔تمام متحارب ممالک میدان جنگ بن چکے تھے،ان کی فیکڑیاں اورکارخانے تباہ ہوچکے تھے ایسے وقت میں امریکہ کے ساہوکاروں نے اسلحہ بنابنا کربیچا اوراپنی تجوریاں دولت سے خوب بھریں۔یہ بات یقین سے کہی جاسکتی ہے کہ اگرجنگ عظیم اول اوردوم برپانہ ہوتیں توامریکہ عالمی طاقت کبھی بھی نہ بنتا۔جب امریکہ عالمی طاقت یاسپرطاقت بن گیاتواس کے بعدبھی اب تک اس کا رویہ دنیاکو لڑاﺅ۔۔۔۔اپنااسلحہ بیچو۔۔۔ اوراپنی تجوریاں بھرووالاہے۔امریکہ اس وقت ایسے خونخواردرندے کاروپ دھارچکاہے کہ جس کے منہ کوخون لگ جاتاہے اوروہ خون کی پیاس بجھانے کے لئے ہروقت شکارکی تلاش میں رہتاہے۔امریکہ کے دامن پرلاکھوں کروڑں انسانوں کاخون ہے ، حکومتوں کو گرانے اور بنانے کے گھناﺅنے الزامات ہیں، دنیا کے مختلف ممالک کے حکمرانوں کو قتل کروانے ، پھانسیوں پر لٹکوانے، جلاوطن کروانے کے بدنما داغ ہیں۔الغرض امریکہ کا رویہ خدائی خدمت گار اور تھانیدار والا رہا ہے، ہر ایک کے کام میں ٹانگ اڑانا ، ہر جگہ پنگے لینا ، بدمعاشی کرنا ، قتل وغارت کروانا، ڈاکے ڈالنااور اپنی تجوریاں بھرنا امریکہ کا وطیرہ رہا ہے۔اس کے برعکس چین کارویہ دنیاکے ساتھ مفاہمانہ،دوستانہ ،جیواورجینے دووالا ہے۔ چین دوسرے ملکوں کوروندنے اورپامال کرنے کی بجائے تجارت،معیشت اورصنعت پریقین رکھتاہے۔ چینی قوم ایک طرف صنعت،تجارت،حرفت میں ترقی کررہی ہے تودوسری طرف اپنی زبان کی ترویج کے لئے بھی بھرپورکوشش کررہی ہے اس لئے کہ انسانی تاریخ کی کسی بھی عالمی قوت کی طرح چین کو بھی ا س بات کا ادراک ہے کہ جب تک دنیا چینی زبان نہ سیکھے گی تب تک اس کا امریکہ کے مقابلے میں اپنی جگہ بنانا ناممکن ہے۔ اسی لئے چینی حکومت دنیا کو چینی زبان سکھانے کی طرف خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ترقی یافتہ ممالک تو اپنی ضرورت کے تحت اب بچوں کو چینی زبان سکھانے کی طرف توجہ دے رہے ہیں لیکن بہت سے ملکوں میںچینی حکومت خوداپنی زبان کی ترویج واشاعت کے لئے کوشاں ہے اس مد میںچین اربوں یوآن سالانہ خرچ رہا ہے۔ بہت سے افریقی ممالک جہاں چین نے بہت زیادہ سرمایہ کاری کر رکھی ہے ان میں ہر سال سینکڑوں چینی استاد بھیجے جاتے ہیں جو وہاں جا کر چینی زبان کے مقامی استاد تیار کر رہے ہیں۔ اسکے علاوہ چینی حکومت بہت سے ملکوں کے طلباءکیلئے وظائف مہیا کرتی ہے کہ وہ چین جائیں اور چینی زبان سیکھیں۔ ایسے تمام طلباءجو چین میں اعلی تعلیم کے حصول کیلئے جاتے ہیں انکے لئے سال چھ مہینے کا چینی زبان کا نصاب لازمی ہوتا ہے۔الغرض چین کی طرف سے اس ضمن میں نہایت سنجیدہ اور کامیاب کوششیں جاری ہیں۔

پاکستان اورچین کے تعلقات بہت گہرے اورمضبوط ہیں وقت کے ساتھ ساتھ یہ تعلقات مضبوط سے مضبوط ترہوتے چلے جارہے ہیں خاص کرسی پیک کے بعدتعلقات کی مضبوطی اورگرم جوشی میں کئی گنااضافہ ہوچکا ہے۔سی پیک کے منصوبوں کے اجرا کے بعد پاکستان میں چینی زبان سیکھنے کا وفاق سمیت چاروں صوبوں میںرجحان بہت بڑھ چکا ہے ۔ چین کی مادی ترقی نے دنیا کو حیرت میں ڈال دیا ہے لیکن دنیا میں شائد چینی ہی ہیں جن کی انگریزی سب سے کمزور ہوگی۔ انگریزی زبان میں سب سے زیادہ مہارت رکھنے پر فخر کرنے والے بھارت کی ترقی چین کے مقابلے میں ناقابلِ یقین حد تک کم ہے۔ وجہ سیدھی سی ہے چین نے اپنی زبان پر فخر کرنا سیکھا اور اس کو فروغ دیا۔ کئی عشروں تک فروغ کا عمل اندرونی حد تک محدود رہا۔ شائد ہی دنیا کی کسی زبان کی کوئی قابلِ ذکر کتاب ہو جو چینی زبان میں ترجمہ ہو کر ایک عام چینی کی دسترس میں نہ لائی گئی ہو۔ انٹر نیٹ کا زمانہ آیا تو ہر طرح کی ویب سائٹس کو چینی زبان میں متعارف کروایا گیا اور آج گوگل جیسی تحقیقی ویب سائٹ سے لیکروکی پیڈیا جیسی معلوماتی ویب سائٹ تک اور فیس بک جیسی سماجی رابطے کی ویب سائٹ سے لیکر یاہو اور جی میل جیسی ذاتی رابطے کی ویب سائٹ تک ، ہر طرح کی انٹر نیٹ کی سہولتیں ایک عام چینی کو اپنی زبان میں میسر کی گئی ہیں اور پھر یہ تمام سہولتیں چین کے اپنے دائرہ اختیار میں ہیں ، کوئی دوسرا ملک جب چاہے اس سے یہ سہولتیں واپس نہیں لے سکتا یا ان ویب سائٹس میں موجود معلومات تک رسائی حاصل نہیں کر سکتا(جیسا کہ ہمارے معاملے میں ہے)عرض صرف اتنی ہے کہ ہمیں چینی زبان سیکھنے کے معاملے میں وہ غلطیاں نہیں دہرانی چاہئیں جو ہم نے انگریزی کے معاملے میں کی ہیں اور کرتے ہی چلے جا رہے ہیں۔ ہمیں چینی زبان کے ساتھ ساتھ فرانسیسی، جرمن، روسی، جاپانی اور دوسری اہم زبانیں بھی اپنے بچوں کو سکھانی چاہئیں لیکن ایک بامقصد اور وضع شدہ پروگرام کے ساتھ اور صر ف اپنے قومی مفاد میں۔ اس کے ساتھ ساتھ یہ بھی ضروری ہے کہ ہم اپنی قومی زبان اردو کو بھی اس کااصل مقام دیں ۔آخری بات یہ ہے کہ ہم اپنے ہمسائے اور قابل فخردوست چین سے سیکھیں کہ کیسے انھوں نے معاشی ترقی کی اور اپنے ملک کو ایک ایسے راستے پر ڈال دیا جو کامیابی اور عزت کا راستہ ہے ۔ چین کی لیڈر شپ نے اپنے ملک کو جس راستے پر ڈالا اسے دیکھتے ہوئے یقین سے کہا جاسکتا ہے کہ ۔۔۔۔اب چین ابھرتی ہوئی عالمی طاقت بننے جارہا ہے ۔ اس کامیابی پر ہم چین کی لیڈر شپ اور چینی عوام کو خراج تحسین اور مبارک باد پیش کرتے ہیں ۔

Comments are closed.