چینی کمپنی کا داسو ڈیم پر دوبارہ کام شروع کرنے کا فیصلہ

0
33

چینی کمپنی نے داسو ڈیم پر دوبارہ کام شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

باغی ٹی وی : چینی کمپنی کے مطابق واپڈا نے داسو ڈیم پروجیکٹ پر سیکیورٹی کو کافی حد تک بہتر بنایا ہے اور 25 اکتوبر سے مرحلہ وار دوبارہ کام شروع ہوگا چینی کمپنی نے ملازمین کو کورونا ٹیسٹ رپورٹ اور ویکسینیشن کا ریکارڈ ساتھ لانے کی ہدایت کی ہے۔

تمام چینی انجینیئرز اور غیرملکی داسو ڈیم سائٹ پر پہنچ گئے ہیں اور کمپنی نے داسو ڈیم پر کام کرنے والے تمام پاکستانی ورکرز کو تیار رہنے کی ہدایت کی ہے چینی کمپنی کے مطابق تمام اسٹاف کو ٹیلی فون کے ذریعے مطلع کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ ورکرز کی بس پر خود کش حملے کے بعد سائٹ پر کام روک دیا گیا تھا گذشتہ ماہ14 جولائی کو اپرکوہستان کے علاقے داسو میں پیش آنے والے واقعے میں دیامر بھاشا ڈیم کی سائٹ پر کام کرنے والے 9 چینی باشندوں سمیت 12 افراد ہلاک ہوئے تھے، ابتدائی طور پر واقعےکو حادثہ قرار دیا گیا تاہم بعد ازاں وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے واقعے میں دھماکا خیز مواد کی موجودگی کی تصدیق کی تھی۔

اس حوالے سے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں چینی شہریوں کی سلامتی حکومت کی اولین ترجیح ہے ، واقعے کی تحقیقات کے لیے تمام کوششیں بروئے کار لائی جائیں گی۔

انکا کہنا تھا کہ دشمن قوتوں کو برادرانہ تعلقات کو نقصان پہنچانے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی، چین اور پاکستان آہنی دوستی کے بندھن میں بندھے ہیں اور دشمن عناصر کو پاک چین برادرانہ تعلقات کو نقصان نہیں پہنچانے دیں گے۔

Leave a reply