وزیراعظم کی چینی نائب وزیراعظم کو چینی شہریوں کے تحفظ کی یقین دہانی
باکو: وزیراعظم شہبازشریف نے چین کے نائب وزیراعظم ڈنگ ژوئی ژانگ کو یقین دہانی کروائی ہے کہ حکومت چینی شہریوں کی حفاظت یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن قدم اٹھارہی ہے۔
باغی ٹی وی: وزیراعظم شہباز شریف کی آذربائیجان کے دارالحکومت باکو میں کوپ 29 کے کلائمٹ ایکشن اجلاس کے موقع پر چین کے نائب وزیراعظم ڈنگ ژوئی ژانگ سے ملاقات ہوئی،ملاقات میں پاکستان اور چین کے درمیان دوطرفہ تعاون کے فروغ پر گفتگو ہوئی۔
اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ چین پاکستان کا دیرینہ دوست ہے، دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کی مضبوطی کے نئے دور کا آغاز ہوچکا ہے،حکومت چینی شہریوں کی سیکیورٹی یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن قدم اٹھا رہی ہے، حکومت ملک سے دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ دینے کے لیے پرعزم ہے۔
اس موقع پر ڈنگ ژوئی ژانگ نے سیکیورٹی چیلنجز سے باہمی طور پر نمٹنے اور دونوں ممالک کے عوام کی ترقی و خوشحالی کے لیے پاک چین تعلقات کے دائرہ کار کو وسعت دینے کی خواہش کا اظہار کیا۔