انسداد تمباکو نوشی مہم کے سلسلے میں چوتھے سالانہ پوسٹ کارڈ مقابلوں کا آغاز
کرومیٹک نے انسداد تمباکو نوشی مہم کے سلسلے میں چوتھے سالانہ پوسٹ کارڈ مقابلوں کا آغاز کردیا۔
اسلام آباد: صحت عامہ کے شعبہ میں کام کرنے والی غیر سرکاری تنظیم کرومیٹک نے چوتھے سالانہ پوسٹ کارڈ مقابلوں کا آغاز کردیا ہے۔ کرومیٹک پوسٹ کارڈ مقابلوں کے انعقاد کا مقصد نوجوانوں میں تمباکو نوشی کے خلاف آگاہی اجاگر کرنا ہے۔
رواں برس کرومیٹک پوسٹ کارڈ مقابلوں کا عنوان ” تمباکو نوشی، معیشت اور صحت عامہ پر بوجھ” ہے۔
پوسٹ کارڈ مقابلوں میں شریک نوجوانوں میں پہلی پوزیشن لینے والے کو 50 ہزار روپے، دوسری پوزیشن حاصل کرنے والے کو 30 ہزار روپے جبکہ تیسرے نمبر پر آنے والے کو 20 ہزار روپے نقد انعام دیا جائے گا۔
کرومیٹک انسداد تمباکو نوشی پوسٹ کارڈ سیزن 4 مقابلوں میں شرکت کے خواہشمند 15 سے 25 سال کے طلباء و طالبات سمیت کسی بھی شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے نوجوان آرٹ ورک اور ڈیجیٹل ڈیزائن پر مبنی پوسٹ کارڈز کرومیٹک کو Pactpostcard@gmail.com پر بذریعہ ای میل 24 مئی تک بھجوا سکتے ہیں جبکہ اس حوالے سے تقریب تقسیم انعامات 31 مئی کو منعقد ہوگی۔
کرومیٹک کی طرف سے منعقد کئے جانے والے انسداد تمباکو نوشی پوسٹ کارڈ مقابلوں کی اہمیت اور مقبولیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا یے کہ گذشتہ مقابلوں میں نوجوانوں کی طرف سے پاکستان بھر سے ہزاروں نوجوانوں نے آرٹ ورک اور ڈیجیٹل ڈیزائنوں کے ذریعے تمباکو نوشی کے خلاف مہم میں حصہ لیا۔
کرومیٹک انسداد تمباکو نوشی پوسٹ کارڈ مقابلوں کو نہ صرف حکومتی سطح پر سراہا جاتا ہے بلکہ ماہرین صحت اور بین الاقوامی ادارے بھی پوسٹ کارڈ مقابلوں کے انعقاد کو تمباکو نوشی کے خلاف آگاہی مہم میں ایک اہم پیش رفت قرار دیتے ہیں۔