سول ایوی ایشن نے بیرون ملک سے آنے والی پروازوں میں کمی سے متعلق نوٹم جاری نہیں کیا

0
29

سول ایوی ایشن حکام نے بیرون ملک سے آنے والی پروازوں کی تعداد میں کمی کے فیصلے سے متعلق این سی او سی کی گائیڈ لائن پر تاحال کوئی نوٹم جاری نہیں کیا جبکہ ائیرلائنز بھی اس فیصلے سے لا علم نکلیں۔ تفصیلات کے مطابق نیشنل اینڈ کمانڈ آپریشن سینٹر نے بیرون ملک سے پاکستان آنے والی پروازوں میں نمایاں کمی کا فیصلہ کیا تھا، این سی او سی اجلاس میں 80 فی صد انٹرنیشنل پروازوں کی بندش کا فیصلہ کیا گیا تھا۔
تاہم اس سلسلے میں سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے تاحال نوٹیفکیشن جاری نہ کیا جا سکا، جبکہ 5 مئی سے پروزاوں کی تعداد 20 فی صد تک محدود کرنے سے متعلق ایئر لائنز بھی لا علم نکلی ہیں۔ پاکستان آمد کے لیے ایئر لائنز، مسافر پروازوں کی بکنگ سے متعلق ابہام کا شکار ہیں، دوسری جانب مختلف ممالک کے مسافروں کو کرونا ٹیسٹ رپورٹ کے حصول میں مشکلات کا بھی سامنا ہے۔
یاد رہے کہ حکومت پاکستان نے کورونا پھیلاوٴ روکنے کیلئے 5 مئی سے بین الاقوامی مسافر پروازیں محدود کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ کہا گیا تھا کہ پاکستان آنے والی پروازیں 5 سے 20مئی تک کم کردی جائیں گی اور فیصلے پر نظرثانی 18 مئی کو ہوگی۔عالمی پروازیں کام کرنے سے متعلق تفصیلی احکامات سول ایوی ایشن اتھارٹی جاری کریں گی ۔ خیال رہے کہ نوٹیفکیشن کے اجرا کے بعد ایئر پورٹس پر صرف 20 فی صد پروازوں کی لینڈنگ کی اجازت ہوگی، این سی او سی کے مطابق ایئر ٹریول پلان 4 اور 5 مئی کی شب سے 19 سے 20 کی شب تک مؤثر ہوگا، اس ٹریول پلان پر 18 مئی کو دوباہ غور کیا جائے گا۔ سول ایوی ایشن شعبہ ٹرانسپورٹ کی یکم مئی (آج) کی چھٹی بھی منسوخ کی جا چکی ہے اور ملازمین کو بھی آج طلب کیا گیا ہے۔

Leave a reply