کراچی: گورنر سندھ عمران اسماعیل نے سانحہ کشمور میں ملزمان کو گرفتار کرنے والے اے ایس آئی کو سول ایوارڈ، ماں کو پانچ لاکھ روپے اور بچی کو تاحیات اسکالر شپ سمیت متاثرہ خاتون کو میری ٹائم میں ملازمت دینے کا اعلان کردیا۔
ذرائع کے مطابق گورنر سندھ عمران اسماعیل نے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف چائلڈ ہیلتھ سینٹر کا دورہ کیا جہاں انہوں نے زیادتی کا شکار ہونے والی خاتون سے ملاقات اور بچی کی عیادت کی۔
پروفیسرڈاکٹر جمال رضا نے گورنرسندھ کو بچی کےعلاج سےمتعلق آگاہ کیا۔ عمران اسماعیل نے ہدایت کی کہ بچی کی مکمل صحت یابی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں اور ہر ممکن اقدامات کیے جائیں۔ گورنر سندھ نے بتایا کہ وزیراعظم نے حکم دیا ہے کہ بچی کو اگر علاج کیلئے بیرون ملک بھیجنا پڑا تو اُسے بھیج دیں گے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ اے ایس آئی محمد بخش کی جرأت کو سلام پیش کرتا ہوں،انہوں نے جس انداز سے بچی اور ماں کو بازیابی کروا کے ملزمان کو گرفتار کیا اُس پر پوری قوم کو اُن پر فخر ہے۔
گورنر سندھ نے اعلان کیا کہ اے ایس آئی محمد بخش کو اعلیٰ ترین سول ایوارڈ دیا جائے گا، ان تمام پولیس اہلکاروں کا ذاتی طور پر مشکور ہوں جو ایکشن کےوقت موجود تھے،سندھ پولیس نے ایک ملزم کو جہنم واصل کردیا۔
اُن کا کہنا تھا کہ ’وزیر اعظم اس واقعے پر سخت افسردہ اور رنجیدہ ہیں، انہوں نے محمد بخش کو فون کر کے شاباش بھی دی ہے، وزیراعظم بہت جلد اے ایس آئی سے ملاقات کریں گے کیونکہ وہ ہمارے وطن کا ہیرو ہے‘۔
عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ ’سندھ پولیس کو ملزمان کی گرفتاری پر مبارک باد پیش کرتا ہوں، گرفتارمجرموں کو عدالتیں قرار واقعی سزا دیں گی‘۔