وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے جمعہ کا پبلک ڈے منسوخ کر دیا،

ganda pur

پشاور: وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سردار علی امین خان گنڈاپور نے جمعہ کے روز ہونے والے پبلک ڈے کو منسوخ کرتے ہوئے اپنے کارکنان اور عوام کو ہدایت کی ہے کہ وہ وفاقی حکومت کے خلاف بڑے پیمانے پر جلسے کی تیاری کریں۔ انہوں نے اس سلسلے میں ایک مختصر پیغام جاری کیا ہے جس میں انہوں نے واضح کیا کہ جمعہ کا دن عموماً عوامی ملاقات کے لیے مخصوص ہوتا ہے، لیکن اس جمعہ کو ملاقات نہیں ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ اگلے جمعہ کو عوام سے ملاقات کی جائے گی۔گنڈاپور نے اپنے پیغام میں کارکنان کو یہ بھی ہدایت کی کہ وہ وزیراعلیٰ ہاؤس پشاور آنے کی زحمت نہ کریں اور جلسے کی تیاری پر توجہ دیں۔ انہوں نے کہا، "آپ سب کو آگاہ کیا جاتا ہے کہ سی ایم ہاؤس پشاور آنے کی زحمت نہ کریں اور جلسے کے لیے تیاری کریں۔
ایک مختصر میڈیا ٹاک کے دوران، وزیراعلیٰ نے 26 ویں آئینی ترمیم کو وفاقی حکومت کی من پسند ترمیم قرار دیتے ہوئے اس کے خلاف احتجاج کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا، "پی ٹی آئی اس بار پورے پاکستان کو بند کرے گی۔ یہ حکومت آئین کو بار بار توڑ رہی ہے اور اس کے خلاف ہم مکمل بندوبست کر چکے ہیں۔پی ٹی آئی کے ذرائع کے مطابق، علی امین گنڈاپور نے پارٹی قائدین اور کارکنان کو 26 ویں آئینی ترمیم کے خلاف بھرپور احتجاج کے لیے تیاری کرنے کی ہدایت کی ہے۔ وزیراعلیٰ عمران خان سے جیل میں ملاقات کا ارادہ رکھتے ہیں، جہاں وہ احتجاج کے حوالے سے آگاہ کریں گے اور عمران خان کی ہدایت پر تاریخ کا اعلان کریں گے۔پارٹی قیادت نے انہیں مشورہ دیا ہے کہ اسلام آباد میں احتجاج یا دھرنے کے لیے کارکنان کو نکالنا مشکل ہو گا۔ اس تناظر میں، علی امین گنڈاپور نے بڑے شہروں اور اضلاع میں ضلعی قیادت کی نگرانی میں احتجاج کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔ ذرائع کے مطابق، وزیراعلیٰ گنڈاپور احتجاج کے لیے تیاریوں کے حوالے سے پارٹی قیادت سے رابطے میں ہیں۔ انہوں نے پورے پاکستان میں بھرپور احتجاج کے لیے انتظامات کرنے کی ہدایت کی ہے اور کارکنان کو زیادہ سے زیادہ نکلنے کی ترغیب دی ہے۔

Comments are closed.