آپ کے گھر ڈوب گئے ہم اسلام آباد میں کیسے بیٹھے رہ سکتے ہیں،وزیراعظم
وزیرِ اعظم شہباز شریف ایک روزہ دورے پر گوادر پہنچ گئے ہیں
وزیراعظم شہباز شریف کے گوادر پہنچنے پر وزیرِ اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی اور دیگر شخصیات نے گوادر ایئر پورٹ پر انکا استقبال کیا،نومنتخب وزیراعظم شہباز شریف نے سیلاب متاثرین میں امدادی سامان تقسیم کیا،اس موقع پر وزیراعظم شہبازشریف نے سیلاب متاثرین سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پہلی فرصت میں گوادر آیا ہوں، آپ کے گھر ڈوب گئے ہم اسلام آباد میں کیسے بیٹھے رہ سکتے ہیں،وزیراعظم شہباز شریف نے ہدایت دی کہ متاثرین کی مدد اور بحالی کے لیے رپورٹ فوری مرتب کی جائے، متاثرین کی امداد مین کوئی کسر نہ چھوڑی جائے، متاثرین کی بحالی کےلیے جامع پلان مرتب کرکے پیش کیا جائے۔
بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ 26 فروری سے شروع ہونے والی بارش نے تباہی مچادی ہے، اللہ کا شکر کہ گوادر میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا مگر پورے بلوچستان میں 5 افراد اس طوفان کی نذر ہوگئے، وزیر اعلی بلوچستان سرفراز بگٹی نے اپنا حلف اٹھاتے ہی گوادر کا رخ کیا اور آپ کے دکھ کے لیے یہاں پہنچے، یہ آپ پر کوئی احسان نہیں بلکہ میرا فرض ہے، یہ کسی پر احسان نہیں نا ہی کوئی دکھاوا ہے، یہاں ہونے والے نقصان کی ضابطے کے مطابق بھرپائی کی جائے گی،یہ جو آفت آئی ہے اس کا کوئی مقابلہ نہیں ہے لیکن آفت بحرحال آفت ہے، پورے پاکستان میں بارش کے نتیجے میں تقریبا 44 لوگ اللہ کو پیارے ہوگئے ہیں، کل سے 7000 بیگ خوراک کے بلوچستان میں آئیں گے، جن کے گھر مکمل تباہ ہوگئے ہیں ان کو ہم نے ساڑھے 7 لاکھ روپے کے چیکس تقسیم کیے، ہم ایک ہیں، ہماری سیاسی قیادت اس میں حصہ ڈالے گی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے بارشوں کے باعث جاں بحق افراد کے لواحقین کو 20 ،20 لاکھ روپےاور زخمیوں کو 5 لاکھ روپے دینے کا اعلان کردیا
وزیرِ اعظم شہباز شریف کل بدھ کو کراچی کا دورہ کریں گے، وہ مزارِ قائد پر حاضری دیں گے،وزیراعلیٰ سندھ سے بھی ملاقات متوقع ہے،
واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم شہباز شریف نے حلف لیا تھا، حلف برداری کی تقریب ایوان صدر میں ہوئی تھی، صدر مملکت عارف علوی نے وزیراعظم سے حلف لیا تھا