بھارت میں لوک سبھا انتخابات میں شکست کے بعد کانگریس کے صدر راہل گاندھی استعفیٰ دینے پر بضد ہیں اور انہیں منانے کی کوششیں کی جارہی ہیں.
باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق کانگریس ورکنگ کمیٹی میں انہوں نے استعفیٰ کی پیش کش بھی کی لیکن اسے منظور نہیں کیا گیا. کہا جارہا ہے کہ راہل گاندھی پارٹی صدر کے عہدہ پر قائم رہنے کیلئے اب تیار نہیں ہیں اور ان کی خواہش ہے کہ اب کوئی اور یہ ذمہ داری سنبھالے.
کانگریس کی ورکنگ کمیٹی اجلاس میں پرینکا کا نام بھی لیا گیا تاہم راہل گاندھی نے کہاکہ میری بہن کو اس معاملہ میں مت کھینچیں کانگریس کا نیا صدر گاندھی خاندان سے باہر ڈھونڈنا چاہیے. ورکنگ کمیٹی کا اجلاس چھ گھنٹے تک جاری رہا جس میں حالیہ انتخابات میں شکست کا جائزہ لیا گیا.
ورکنگ کمیٹی اجلاس میں راہل کی والدہ سونیا گاندھی، بہن پرینکا گاندھی اور سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ بھی موجود تھے. اس موقع پر راہل گاندھی کا کہنا تھا کہ وہ کانگریس کے سپاہی ہیںاور بغیر کسی عہدہ کے بھی لڑتے رہیں گے.