نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس ٹریننگ کالج شیخوپورہ میں نئی تعمیرات

0
43

شیخوپورہ (نمائندہ باغی ٹی وی)
سی پیک کے تحت وسعت پانے والا شاہرات کا جال موٹروے پولیس کے لئے ایک بہت بڑا چیلنج ہے۔ اور موٹروے پولیس میں کثیر تعداد میں بھرتی ہونے والے افسران کی اعلی تربیت ان نئے چیلینجز سے نبردآزما ہونے کے لئے انتہائی اہم ہے۔
ان خیالات کا اظہار آئی جی نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس ڈاکٹر سید کلیم امام نے موٹروے پولیس ٹریننگ کالج میں نئے ہوسٹل، ایڈمین بلاک، اکیڈمک بلاک اور میس ہال کی بلڈنگز کے سنگِ بنیاد رکھنے کی تقریب کے موقع پر کیا۔
ایڈیشنل آئی جی سنٹرل ریجن زبیر ہاشمی، کمانڈنٹ ٹریننگ کالج ڈی آئی جی محبوب اسلم، ڈی آئی جی پلاننگ ڈویلپمنٹ اینڈ ریسٹرکچرنگ سجاد افضل آفریدی،ڈی سی شیخوپورہ محمد اصغر جوئیہ اور پی ڈیبلیو ڈی اور موٹروے پولیس کے دیگر افسران بھی اس موقع پر موجودتھے۔
موٹروے پولیس ٹریننگ کالج میں نئی عمار توں کے سنگِ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آئی جی این ایچ ایم پی ڈاکٹر سید کلیم امام نے کہا کہ نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس وطن عزیز پاکستان کا وہ قابلِ رشک ادارہ اور ایک ایسی قابلِ فخر فورس ہے جس نے ایمانداری، خوش اخلاقی اورعوامی مدد کے زریں اصولوں کو اپنا نصب العین بنا کر عوام الناس کے دلوں میں بے پناہ جگہ بنائی ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اس ادارے کی بھرپور کوشش ہے کہ اس کے ہر افسر کی اس طرح تربیت کی جائے کہ وہ اپنی ڈیوٹی کی ادائیگی میں روڑ یوزرز کے ساتھ شائستگی اور خوش اخلاقی کا دامن کسی طور نہ چھوڑے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ بات انتہائی اہم ہے کہ جب ہم اپنے افسران کو مکمل سہولیات کے ساتھ اعلی درجے کی جسمانی، زہنی اور اخلاقی تربیت فراہم کریں گے تو اس کے اثرات فیلڈ میں نمایاں طور پر دیکھے جائیں گے۔ آئی جی موٹروے نے مزید کہا کہ سی پیک کے تناظر میں موٹروے پولیس ٹریننگ کالج کے انفرسٹرکچر کو وسعت دینا انتہائی اہم ہے کیونکہ یہ وہ نرسری ہے جہاں سے تربیت پا کر لو گ ملک کے کونوں کونوں اپنے فرائض سر انجام دیں گے۔ آئی جی موٹروے نے ڈی سی شیخوپورہ محمد اصغر جوئیہ کی موٹروے پولیس ٹریننگ کالج کی وسعت میں تعاون پر ان کی کاوشوں کو سراہا۔اس موقع پر کمانڈنٹ ٹریننگ کالج ڈی آئی جی محبوب اسلم نے کہا کہ یہ ان کا خواب ہے کہ وہ موٹروے پولیس کی اس تربیت گاہ کو اس مقام پر لے جائیں جہاں اس کا مقابلہ کسی بھی مثالی ادارے سے کیا جا سکے اور اس مقصد کے حصول کے لئے وہ اور ان کی ٹیم شبانہ روز محنت کرتے رہے گے۔تقریب کے اختتام پر موٹروے پولیس ٹریننگ کالج میں ڈویلپمینٹ پروجیکٹ پر نمایاں کام کرنے والے افسران میں یادگاری شیلڈز بھی تقسیم کی گئیں۔

Leave a reply