دنیا میں کورونا اوراومی کرون نے سراٹھا لیا :امریکا میں پونے دو لاکھ نئے کیسز رپورٹ

نیویارک :دنیا میں کورونا اوراومی کرون نے سراٹھا لیا :امریکا میں پونے دو لاکھ نئے کیسز رپورٹ،اطلاعات کے مطابق دنیا بھر میں کورونا وائرس کی نئی وبا اومیکرون اور بڑھتے ہوئے کیسز کی نئی لہر کی وجہ سے نئی پابندیاں متعارف کرا دی گئی ہیں۔

خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق کورونا وائرس کی وجہ سے دنیا بھر میں کیسز کی تعداد ایک مرتبہ پھر تیزی سے بڑھتی جا رہی ہے جس کے بعد یورپ اور امریکا سمیت متعدد ممالک میں نئی پابندیاں متعارف کرادی گئی ہیں۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران امریکا میں پونے دو لاکھ سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے ہیں لیکن امریکی صدر جو بائیڈن وائرس کا مقابلہ کرنے کے لیے پرعزم ہیں امریکا میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ایک لاکھ 81 ہزار 264 کورونا وائرس کے نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

واضح رہے کہ امریکا میں گزشتہ ہفتے سامنے آنے والے کیسز میں سے 73فیصد اومیکرون کے تھے۔

ابتدائی طور پر ماہرین نے کہا تھا کہ وائرس کی یہ قسم دنیا بھر میں لاکھوں افراد کی ہلاکت کا سبب بننے والی وائرس کی قسم کے مقابلے میں کم نقصان دہ ہے لیکن اب یہ انتہائی تیزی سے پھیل رہا ہے۔عالمی ادارہ صحت کے یورپ کے لیے ڈائریکٹر ہانس کلوگ نے کہا کہ ہم ایک نئے طوفان کو اٹھتا ہوا دیکھ رہے ہیں۔

ادھر بھارت اور اسرائیل کے ساتھ ساتھ متعدد یورپی ممالک نے بھی بڑھتے ہوئے کیسز کے سبب کرسمس اور نئے سال کی تقریبات پر پابندی عائد کردی ہے۔

اسرائیل نے بھی بڑھتے ہوئے کیسز کو دیکھتے ہوئے سخت سفری پابندیاں عائد کرنے کے ساتھ ساتھ 60سال سے زائد عمر کے افراد طبی عملے کو ویکسین کا چوتھا ڈوز لگانے کی منظوری دے دی ہے۔

پیرس نے پہلے ہی نئے سال کی تقریبات کو منسوخ کردیا ہے جبکہ جرمنی نے ان تقریبات میں لوگوں کی تعداد کو 10 لوگوں تک محدود کردیا ہے جبکہ نائٹ کلب بند کرتے ہوئے فٹبال میچز سمیت بڑے مجمعوں اور تقریبات پر پابندی لگا دی ہے۔

جرمن چانسلر اولف شولز نے کہا کہ یہ کئی تقریبات یا یا کئی لوگوں کے ساتھ پارٹیز منانے کا وقت نہیں ہے۔ادھر آسٹریا میں نئی پابندیاں لاگو کرتے ہوئے رات 10 بجے کے بعد کاروبار کھولنے اور لوگوں کی بلاضرورت نقل و حرکت پر پابندی عائد کردی ہے۔

دوسری جانب ایکسپو2020 میں جاپانی پویلین سے منسلک سوشیرو ریسٹورنٹ کے 10 ورکرز میں وائرس میں وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔ایکسپو کے عملے کی روزانہ کی بنیاد پر کی جانے والی ٹیسٹنگ میں ان افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی اور عملے کے وائرس کی زد میں آنے کے بعد ریسٹورنٹ کو بند کردیا گیا ہے۔

سنگاپور نے قرنطینہ کے بغیر ٹکٹ کی فروخت کے پروگرام کو بند کرتے ہوئے 23دسمبر سے ملک میں آںے والے تمام مسافروں کے لیے قرنطینہ کو لازمی قرار دے دیا ہے۔

Comments are closed.