کورونا ہلاکتوں میں کمی، تین مریض جاں بحق، 609 افراد وائرس سے متاثر
لاہور:ملک میں کورونا کیسز میں کمی آنے لگی، گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران تین مریض دم توڑ گئے، 609 افراد وائرس سے متاثر ہوئے ہیں۔
این سی او سی کے مطابق پاکستان میں کورونا سے اموات کی مجموعی تعداد تیس ہزار تین سو سات ہو گئی ہے جبکہ ایکٹو کیسز کی تعداد سترہ ہزار نو سو اکسٹھ ہے۔ ملک میں پندرہ لاکھ اٹھارہ ہزار چھ سو بانوے افراد کورونا سے متاثر ہوئے، چودہ لاکھ ستر ہزار چار سو چوبیس مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق چھ سو نو نئے کیسز رپورٹ ہوئے، ملک میں کورونا مثبت کیسز کی تعداد ایک اعشاریہ سات صفر ریکارڈ کی گئی۔
ادھر پاکستان اور آسٹریلیا کے مابین دوسرے ٹیسٹ میچ سے قبل قومی فاسٹ باؤلر فہیم اشرف کا کورونا کا ٹیسٹ ایک دن بعد منفی آگیا۔
پاکستان اور آسٹریلیا کے مابین دوسرا ٹیسٹ میچ کراچی میں 12 مارچ کو شروع ہونے جارہا ہے جس سے قبل قومی آل راؤنڈر فہیم اشرف کو کورونا کا ٹیسٹ گزشتہ روز مثبت آیا تھا جبکہ ایک روز بعد ہی یہ ٹیسٹ منفی آگیا اور ٹیم مینجمنٹ نے آئسولیشن ختم کر ڈالی، قرنطینہ ختم ہونے کے بعد فہیم اشرف دوسرے ٹیسٹ میچ کے لئے دستیاب ہونگے۔
خیال رہے کہ فہیم اشرف کا گزشتہ روز کراچی پہنچتے کوویڈ ٹیسٹ پازیٹو آیا تھا ، دوبارہ کوویڈ ٹیسٹ کیا گیا تو منفی آیا اور وہ آج پریکٹس کے لئے بھی دستیاب تھے، تاہم وہ ہوٹل سے گراؤنڈ پہنچنے میں تاخیر کے باعث پریکٹس سیشن میں حصہ نہیں لے سکے ۔
حسن علی اور فہیم اشرف کا دوسرا ٹیسٹ میچ کھیلنے کا امکان ہے جبکہ نسیم شاہ اور افتخار احمد کو آرام دیا جا سکتا ہے۔