کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ، صدر پی ایم اے پنجاب نے حکومت سے بڑا مطالبہ کر دیا

0
28

سرگودھا ، پی ایم اے پنجاب کے نائب صدر ڈاکٹر سکندر حیات وڑائچ نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ کرونا کے مریضوں کی تعداد میں تشویشناک حد تک اضافہ ہو رہا ہے۔ ڈی ایچ کیو ٹیچنگ ہسپتال سرگودھا کے کرونا آئیسولیشن وارڈ فل ہونے کے ساتھ ساتھ میڈیکل وارڈ میں بھی کرونا کے مشتبہ مریضوں کی بہتات ہے۔ روزانہ کی بنیاد پر 8 سے 10 مریض کرونا وارڈ میں داخل ہونے کیلئے آرہے ہیں۔ لیکن وارڈ فل ہونے کی وجہ سے بمشکل ایک یا دو مریضوں کو ہی داخلہ ملتا ہے۔

جس کی وجہ سے دن بدن حالات سنگین ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کمشنر سرگودھا اور ڈپٹی کمشنر سرگودھا کی توجہ اس طرف دلاتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ ہنگامی بنیادوں پر ڈی ایچ کیو ٹیچنگ ہسپتال کے کرونا وارڈ کے بیڈز کی تعداد میں فی الفور اضافہ کیا جائے۔ اس کے ساتھ ساتھ انہوں نے وزیر صحت پروفیسر ڈاکٹر یاسمین راشد سے بھی مطالبہ کیا کہ پنجاب کے تمام تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتالوں کے کرونا وارڈز کو فعال کیا جائے۔ مزید برآں انہوں نے متنبہ کیا کہ اگر کرونا کیلئے آئیسولیشن وارڈز نہ بنائے گئے تو یہ بیماری انتہائی نقصان دہ ثابت ہو گی اور کئی مہینوں تک اس کو کنٹرول کرنے مشکل ہو جائے گا۔

انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب سے یہ بھی مطالبہ کیا ہے کہ پنجاب کے تمام ہسپتالوں میں ہیلتھ ایمرجنسی نافذ کی جائے تاکہ غریب مریضوں کو آئیسولیشن میں رکھ کر بروقت علاج کرکے اس بیماری کو روکنے میں مدد مل سکے۔

دوسری جانب پی ایم اے سرگودھا اور پرائیویٹ ہسپتال ایسوسی ایشن سرگودھا کا ہنگامی اجلاس مورخہ 7 اپریل 2021ء بروز بدھ بوقت ساڑھے 8 بجے پی ایم اے آفس میں ہو گا۔ اجلاس کی صدارت ڈاکٹر غلام حسین فیضی کرینگے۔ اس اجلاس میں کرونا کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر آئندہ کا لائحہ عمل تیار کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ پرائیویٹ ہسپتالوں‘ کلینکس اور لیبارٹریوں کو بلاوجہ تنگ کرنے والے محکمہ جات کے بارے میں بھی لائحہ عمل بنایا جائے گا۔

Leave a reply