کرونا وائرس، عدالتیں بند ہوں گی یا نہیں؟فیصلہ ہو گیا
کرونا وائرس، عدالتیں بند ہوں گی یا نہیں؟فیصلہ ہو گیا
باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق کورونا وائرس کے معاملہ پر قومی پالیسی ساز کمیٹی کا اجلاس کا اعلامیہ جاری کر دیا گیا
اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ اجلاس میں عدالتوں کو بند نا کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے،عدالتیں کھلی رہیں گی،عوام کا عدلیہ پر اعتماد کو ٹوٹنے نہیں دیا جائے گا،عدالتوں میں اہم نوعیت کے کیسز کو سنا جائے گا،تمام ہائی کورٹس میں کرائسز مینجمنٹ کمیٹی تشکیل دی جائیگی،
اعلامیہ کے مطابق کمیٹی نے تمام چیف جسٹس صاحبان کو اپنے فیصلے خود کرنے کا اختیار دے دیا،کمیٹی نے جسٹس اعجاز الاحسن کو سپریم کورٹ کی طرف سے فوکل پرسن مقرر کر دیا ہے،تمام چیف جسٹس صاحبان اپنی ہائیکورٹ کے فوکل پرسن مقرر کریں گے،کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے سپریم کورٹ کے ایس او پیز کا اطلاق تمام ہائیکورٹس پر ہوگا،
قومی عدالتی پالیسی ساز کمیٹی کا اجلاس چیف جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں ہوا،وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کمیٹی کو بریفنگ دی اور ملک بھر میں کرونا کی صورتحال کے حوالہ سے آگاہ کیا.
ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا تھا کہ 176 ممالک میں کورونا وائرس کے مریض رپورٹ ہو چکے ہیں جو تشویشناک امر ہے اور دنیا میں کورونا وائرس سے متاثر مریضوں کی تعداد 2 لاکھ 20 ہزار ہے، تاہم مشکل صورتحال میں قوم متحد ہے اور جب بھی پاکستان پر کوئی مشکل پڑی عوام نے بھرپور ساتھ دیا۔چین نے جس طرح اس وبا پر قابو پایا اس کی مثال نہیں ملتی،
ظفر مرزا کا مزید کہنا تھا کہ صدر مملکت کے دورہ چین کے دوران صحت کے شعبے میں بہتری پر بات ہوئی، آئندہ چند روز میں چینی ماہرین کے ساتھ ویڈیو کانفرنسز شروع کر رہے ہیں۔انہوں نے عوام سے درخواست کرتے ہوئے کہا کہ مصافحہ کرنے اور گلے ملنے سے پرہیز کیا جائے، ہسپتالوں میں بلا ضرورت نہ جائیں اور بوقت ضرورت مریض کے ساتھ ایک شخص او پی ڈی میں جائے۔ عوام کو کورونا وائرس کے حوالے سے تازہ ترین اور مصدقہ اطلاعات پہنچانے کیلئے حکومت پاکستان نے سرکاری ویب سائٹ تیار کرلی ہے۔ http://covid.gov.pk پر عوام پورے پاکستان میں کورونا وائرس کی موجودہ صورتحال کے ساتھ ساتھ حفاظتی اقدامات اور ہنگامی حالات سے نمٹنے کے حوالے سے معلومات بھی حاصل کرسکیں گی.