کرونا وائرس انسانوں کے ساتھ ساتھ دنیا کی معیشت کوبھی نگلنے لگا، ایئر لائنز انڈسٹری کو اربوں ڈالر کا نقصان

0
23

کراچی:کرونا وائرس انسانوں کے ساتھ ساتھ دنیا کی معیشت کوبھی نگلنے لگا، ایئر لائنز انڈسٹری کو اربوں ڈالر کا نقصان،تفصیلات کےمطابق نہایت مہلک وائرس COVID 19 نے جہاں دنیا بھر میں ڈھائی ہزار سے زیادہ انسانوں کا خاتمہ کر دیا وہاں اس کی وجہ سے عالمی ایوی ایشن انڈسٹری کو اربوں ڈالر کا نقصان بھی پہنچ چکا ہے۔

تفصیلات کے مطابق دنیا بھر میں خوف کی فضا پھیلانے والے مہلک ترین کرونا وائرس سے ایئرلائنز انڈسٹری پر بھی نہایت منفی اثرات مرتب ہوئے ہیں، صرف ایشیا پیسفک کی ایئرلائنز کے بزنس میں رواں سال 27 ارب 80 کروڑ ڈالر کی کمی کا سامنا ہوگا۔

انٹرنیشنل ایئر ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن نے خبردار کیا ہے کہ مجموعی طور پر عالمی ایوی ایشن انڈسٹری کو 30 ارب ڈالر کا نقصان متوقع ہے، انڈسٹری کو نقصان چین کو جانے والی پروازوں کی منسوخی اور سامان کی ترسیل بند ہونے سے ہوا۔

خیال رہے کہ وائرس کووِڈ 19 سے ہلاکتوں کی تعداد 2 ہزار 715 تک پہنچ گئی ہے، گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں چین کے اندر مزید 52 افراد وائرس کا شکار ہو کر ہلاک ہو گئے، دنیا بھر میں وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد بھی 80 ہزار سے بڑھ گئی ہے۔ دوسری طرف اٹلی کے بعد دیگر یورپی ممالک بھی وائرس کی لپیٹ میں آ چکے ہیں، اٹلی میں کرونا وائرس سے ہلاک افراد کی تعداد11 ہو گئی ہے، سوئٹرزلینڈ میں بھی پہلے کرونا وائرس کی تصدیق ہو گئی ہے۔

اسپین میں وائرس سے 9 افراد متاثر ہوئے، فرانس میں 14، امریکا میں 57 کیسز رپورٹ ہوئے، دنیا کے 37 ممالک میں 80 ہزار سے زائد افراد کرونا وائرس کا شکار ہو چکے ہیں۔ نئے اور مہلک ترین وائرس کووِڈ 19 نے جہاں ایک طرف دنیا بھر میں دہشت کی فضا بنائی ہوئی ہے وہاں اس نے ہالی ووڈ کی سنسنی خیز ایکشن سے بھرپور فلم مشن امپاسیبل 7 کی شوٹنگ بھی رکوا دی ہے۔

Leave a reply