پاکستان الرٹ :کورونا وائرس کے حملے جاری : کورونا وائرس سے پاکستان میں مریضوں کی تعداد 300 کے قریب پہنچ گئی

0
10

اسلام آباد :پاکستان الرٹ :کورونا وائرس کے حملے جاری : کورونا وائرس سے پاکستان میں مریضوں کی تعداد 300 کے قریب پہنچ گئی ،اطلاعات کےمطابق سندھ، پنجاب، خیبر پختونخوا اور آزاد کشمیر میں مزید کیسز سامنے آنے کے بعد ملک بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 297 ہو گئی ہے جبکہ پاکستان میں کورونا وائرس سے پہلی ہلاکت گلگت بلتستان میں ہوئی ہے۔

ترجمان گلگت بلتستان حکومت فیض اللہ فراق نے تصدیق کی ہے کہ کورونا وائرس سے ہلاک ہونے والے مریض کی عمر 90سال تھی اور انتقال کرنےوالےشخص کا تعلق چلاس سے تھا۔انہوں نے بتایا کہ انتقال کرجانے والا شخص 4دن سے سی ایم ایچ گلگت میں زیر علاج تھا، اور اس کی کوئی ٹریول ہسٹری نہیں تھی۔ مزید پڑھیں۔۔۔

کرونا وائرس سے سندھ میں مجموعی تعداد 208 ہوگئی،ادھروزیراعلیٰ سندھ کے ترجمان مرتضیٰ وہاب کے مطابق سندھ میں کورونا وائرس کے مزید 19 کیسز سامنے آئے ہیں جس کے بعد صوبے میں متاثرہ افراد کی تعداد 208 ہوگئی ہے۔

ترجمان سندھ حکومت کے مطابق سکھر میں موجود زائرین میں سے 50 فیصد میں وائرس کی تصدیق ہوئی ہے اور وہاں کورونا سے متاثرہ 151 افراد موجود ہیں۔سکھر کے قرنطینہ مرکز کے علاوہ کراچی سمیت سندھ میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 57 ہوگئی ہے جن میں سے 56 کا تعلق کراچی اور ایک مریض حیدرآباد سے ہے۔ کراچی سے تعلق رکھنے والے 2 افراد صحت یاب بھی ہوچکے ہیں۔

حکام کی جانب سے وزیراعلیٰ مراد علی شاہ کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ سندھ کے سرکاری ہسپتالوں میں 1874 مشتبہ افراد کے ٹیسٹ کیے گئے ہیں جب کہ نجی ہسپتالوں میں 702مشتبہ افراد کے ٹیسٹ کیے گئے،سکھر سے 303 نمونے ٹیسٹ کے لئے بھیجے گئے تھے جن میں سے میں سے 151 افراد کے ٹیسٹ کلیئر اور 151 میں وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جب کہ ایک مریض کی رپورٹ آنا باقی ہے۔

بریفنگ کے موقع پر وزیراعلیٰ سندھ نے ہدایت کی کہ ٹیسٹنگ کی گنجائش ایک ہفتے میں 800 تک بڑھائیں جس پر انڈس اسپتال حکام نے یقین دہانی کرائی کہ ہفتے کے اندر گنجائش بڑھادی جائے گی۔وزیر اعلیٰ سندھ نے حکام کو ہدایت کی کہ تفتان سے آنے والی بسوں کو جراثیم کش اسپرے کر کے واپس بھیجاجائے۔

ادھر ذرائع کےمطابق کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی پنجاب میں تعداد 33 ہوگئی.ڈی سی مظفر گڑھ امجید شعیب نے رجب طیب اردگان اسپتال میں زیر علاج 7 مریضوں میں کورونا وائرس کی تصدیق کی اور بتایا کہ یہ اسپتال میں کورونا متاثرہ افراد کے لیے 62 بیڈز مختص ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ صوبے میں تین اسپتال کورونا سے متعلق مختص کردیے ہیں، تفتان میں کیمپ بنانے یا بلوچستان حکومت کو سہولت دینے پر بات کریں گے۔ان کا کہنا تھا کہ پنجاب کےسرکاری دفاتر میں ملازمین کی تعدادکم کرنے کا فیصلہ کیا ہے جب کہ صوبے میں دکانیں رات 10 بجے بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ،شاپنگ مالزاور ریسٹورنٹ بھی رات 10 بجے بند کر دیے جائیں گے تاہم دواؤں کی دکانیں کھلی رہیں گی ۔

جبکہ خیبر پختونخوا میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 19 ہو گئی ،ڈی سی بونیر محمد خالد خان کا کہنا ہے کہ ضلع بونیر میں کورونا وائرس کا پہلا کیس سامنے آیا ہے۔محمد خالد خان کا بتانا ہے کہ کورونا وائرس کی تصدیق کے بعد متاثرہ شخص کو ڈگر اسپتال آئسولیشن وارڈ منتقل کر دیا گیا ہے، متاثرہ شخص ایک ہفتہ قبل متحدہ عرب امارات سے آیا تھا۔

گلگت بلتستان میں کورونا وائرس کے مزید 10 کیس سامنے آئے ہیں جس کے بعد وہاں متاثرہ افراد کی تعداد 13 ہوگئی ہے۔ اسلام آباد میں 3 نئے کیس سامنے آئے ہیں جس کے بعد وفاقی دارالحکومت میں کورونا کے کیسز کی تعداد 7 ہوگئی ہے۔ڈپٹی کمشنر میر پور آزاد کشمیر کا بتانا ہے کہ میر پور آئسولیشن وارڈ میں ایک شخص میں کورونا وائرس کی تصدیق ہو گئی ہے۔ڈی سی میر پور کا کہنا ہے کہ متاثرہ شخص 14 دن قبل ایران سے تفتان آیا تھا، متاثرہ شخص کو 4 دن سے میر پور آئسولیشن وارڈ میں رکھا ہواتھا۔

Leave a reply