اسرائیل کا تمام ممالک پر سفری پابندی کا فیصلہ:اہم وجہ جان کرہرکوئی حیران
تل ابیب: اسرائیل کا تمام ممالک پر سفری پابندی کا فیصلہ:اہم وجہ جان کرہرکوئی حیران،اطلاعات کے مطابق اسرائیل نے کورونا کی نئی شکل کے سامنے آنے پر تمام غیر ملکیوں کے ملک میں داخل ہونے پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق جنوبی افریقا میں سامنے آنے والے کورونا وائرس کی نئی شکل اومی کرون کے زیادہ متعدی ثابت ہونے پر جنوبی افریقا پر سفری پابندیوں کا سلسلہ جاری ہے۔
قبل ازیں اسرائیل نے بھی جنوبی افریقا سے آنے والی پروازوں پر پابندی عائد کردی تھی لیکن اب ایک قدم آگے بڑھتے ہوئے تمام غیر ملکیوں کے ملک میں داخل ہونے پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
تاہم غیر ملکیوں پر سفری پابندی کا فیصلہ کابینہ سے منظوری کے بعد نافذ العمل ہوگا۔
اسرائیلی وزیراعظم نفتالی بینیٹ کے مطابق غیرملکیوں پر سفری پابندی 14 دن کے لیے ہوگی اور یہ فیصلہ اسرائیلی عوام کی جانوں کی حفاظت کیلیے کیا گیا ہے۔
اسرائیلی حکام کا کہنا ہے کہ 14 دنوں کی پابندی سے سب سے بڑا فائدہ یہ ہوگا کہ اس دوران نئے ویرینٹ سے متعلق تمام شکوک واضح ہوجائیں گے اور مزید تفصیلات جیسے ہلاکت خیزی اور ویکسین کی مزاحمت بھی سامنے آجائے گی۔
دوسری طرف خبر رساں اداروں کی رپورٹس کے مطابق جنوبی افریقہ کے سائنس دانوں کا کہنا ہے کہ انہوں نے ملک میں کوویڈ 19 کی ایک نئی قسم کی تشخیص کی ہے جس کے اندر میوٹیشنز کی بڑی تعداد موجود ہے۔سائنسدانوں نے اس کی وجہ کرونا (کورونا) کیسز میں بڑھتے ہوئے اضافے کو قرار دیا ہے۔
سائنس دانوں نے کہا ہے کہ اس نئے وائرس کا مقابلہ کرنے کے لیے افریقہ کو بڑی مقدار میں ویکسین کی ہنگامی بنیاد پر ضرورت ہے۔
برطانیہ کے ویلکم سینگر انسٹی ٹیوٹ کے جینومکس انیشی ایٹو کے ڈائریکٹر ڈاکٹر جیفری بیرٹ نے کہا کہ ویکسینز بھیجنے کا وقت اب ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’نئے ویریئنٹ کو پھیلنے سے روکنے کے علاوہ تخلیقی انداز میں متاثرہ علاقوں کی مدد کرنے کی ضرورت ہے۔‘
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق جنوبی افریقہ میں رواں ماہ کے دوران روزانہ کی بنیاد پر سامنے آنے والے کرونا کے کیسز کی تعداد میں 10 گنا اضافہ دیکھنے میں آیا ہے