کرونا کے بعد عالمی سطح پر روبوٹک اور مصنوعی ذہانت کا نیاد ور شروع ہو رہا ہے۔ انجینئر احمد حسن

0
64

فیصل آباد (عثمان صادق) کرونا کے بعد عالمی سطح پر روبوٹک اور مصنوعی ذہانت کا نیاد ور شروع ہو رہا ہے۔ اس طرح جہاں بڑے پیمانے پر موجودہ ملازمتوں میں کمی ہو گی وہاں ان سے کئی گنا زیادہ نئی نوکریاں پیدا ہوں گی مگر اِس سے فائدہ اٹھانے کیلئے بروقت تیاری کی ضرورت ہے۔ یہ بات سی پیک اور ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ بارے فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کی قائمہ کمیٹی کے چیئرمین انجینئر احمد حسن نے پہلے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے کہا کہ سی پیک کے تناظر میں فیصل آباد کی جامع ترقی کیلئے نئی ہائی ٹیک صنعتوں کے قیام کے علاوہ موجودہ صنعتوں میں بھی جدید ٹیکنالوجی کو متعارف کرانے کیلئے انڈسٹری اکیڈیمیا رابطوں میں اضافے کے ساتھ ساتھ ان کے عملی اطلاق کیلئے حکومت کو بیک وقت مالی اور ترغیبی اقدامات اٹھانے ہوں گے۔ میٹنگ کے ایجنڈے کے بارے میں انہوں نے بتایا کہ آر اینڈ ڈی کی ویژن، مشن اور اہداف کا تعین، آر اینڈ ڈی ونگ کے ماڈل اور فریم ورک کی تیاری، انڈسٹری اکیڈیمیا روابط، انڈسٹری اکیڈیمیا روابط کے فوائد کو متعلقہ شعبوں تک پہنچانااور اس مقصد کیلئے یوٹیوب اور سوشل میڈیا کے استعمال، پراجیکٹ فوکس ایریاز کی نشاندہی اور اُن کے قومی معیشت اور عوام پر اثرات اور کیپسٹی بلڈنگ کے مقامی صنعتوں کیلئے فوائد کا تعین کرنا شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس ایجنڈے کو فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر عاطف منیر شیخ سے بھی شیئر کیا جائے گا تاکہ اس میں اُن کے روڈ میپ اور تجاویز کو بھی شامل کیا جا سکے۔ انہوں نے ایجنڈے کے بارے میں بتایا کہ اس کا بنیادی مقصد مائیکرو فنانشل استحکام، ٹیکس، گورننس، تنوع اور ویلیو ایڈیشن، توانائی، زراعت اور لائیو سٹاک، افرادی قوت، انٹر پرینورشپ اور کاروباری آسانیاں، ماحولیات کا تحفظ اور ماحولیاتی تبدیلیوں کو روکنا اور مجموعی قومی معیشت کو بہتربنانا ہے۔ وائس چیئرمین ڈاکٹر خرم طارق نے کہا کہ اس بھاری بھر کم ایجنڈ ے کی بجائے کم سے کم ایجنڈے پرکام کیا جائے تاکہ ایک مقصد کو حاصل کرنے کے بعد بتدریج دوسرے اہداف پر کام شروع کیا جا سکے۔ ڈاکٹر عارف نے کہا کہ کمیٹی کو بیک وقت مقامی اور قومی سطح کے مسائل پر توجہ دینی چاہیے اور اس سلسلہ میں انہوں نے توانائی، توانائی کے متبادل ذرائع، واٹر ٹریٹمنٹ، انڈسٹری اکیڈیمیا روابط، ملازمین کی تربیت، ریگولیٹری اداروں سے روابط اور ان کی تجاویز سے پالیسیوں کی تشکیل میں بہتری لانے پر توجہ دینا ہو گی۔ محمد امجد خواجہ نے فیصل آباد چیمبر کے ایگزیکٹو ممبران کی صلاحیتوں میں اضافہ پر بھی زور دیا اور کہا کہ اس مقصد کیلئے خصوصی پروگرام تشکیل دیئے جائیں۔ اس سلسلہ میں ایک کمیٹی بھی قائم کی گئی جو ڈاکٹر عارف اور ڈاکٹر حبیب اسلم گابا کی نگرانی میں آئندہ لائحہ عمل تشکیل دے گی۔ ماحولیاتی تبدیلیوں کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ امریکہ کے صدر جوبائیڈن نے ماحول کے تحفظ کیلئے 1.3ٹریلین ڈالر کا بجٹ منظور کیا ہے جس سے پاکستان بھی فائدہ اٹھا سکتا ہے۔ انہوں نے گرین انقلاب اور قابل تجدید توانائی کے فروغ کیلئے بھی اقدامات پر زور دیا۔ چیئرمین کہا کہ پاکستان بنیادی طور پر زرعی ملک ہے جسے اپنی زرعی پیداوار بڑھانے کے ساتھ ساتھ اس شعبہ میں ویلیو ایڈیشن پر بھی کام کرنا چاہیے تاکہ دیہی غربت کے خاتمے کے ساتھ ساتھ قومی معیشت کو بھی مستحکم بنیادوں پر استوار کیا جا سکے۔ انہوں نے بتایا کہ اس سلسلہ میں زرعی سکالر اظہر رسول آئندہ اجلاس میں فیصل آباد کے پوٹینشل کے بارے میں آگاہ کریں گے۔ انہوں نے چوتھے صنعتی انقلاب کیلئے فیصل آباد چیمبر اور صنعتکاروں کی آگاہی کیلئے جامع پروگرام ترتیب دینے کی اہمیت بھی واضح کی۔

Leave a reply