کسٹم کا چھاپہ،خفیہ گودام سے کروڑوں کے لیپ ٹاپ برآمد
کراچی:کسٹم کا چھاپہ،صدر میں خفیہ گودام سے 5کروڑ کے قیمتی لیپ ٹاپ برآمد
تفصیل کے مطابق کسٹمز انٹیلی جنس نے صدر الیکٹرانک مارکیٹ کے خفیہ گودام میں چھاپہ مار کر 5کروڑ روپے سے زائد مالیت کے اسمگل شدہ 1ہزار لیپ ٹاپ بر آمد کرکے مقدمہ درج کرلیا۔مذکورہ کارروائی شہر میں سرگرم ایک مخصوص اور منظم اسمگلنگ نیٹ ورک کے خلاف کریک ڈاﺅن کا تسلسل ہے جس کے حوالے سے اہم حقائق جلد ہی سامنے لائے جائینگے۔
اربوں روپے کی ٹیکس چوری ،منی لانڈرنگ اور فنڈنگ کے مذکورہ نیٹ ورک کے حوالے سے انتہائی اہم اور سنگین معلومات کی روشنی میں ڈائریکٹوریٹ آف کسٹمز انٹیلی جنس کراچی کی جانب سے کارروائی کا دائرہ بھی وسیع کردیا گیا ہے ۔اطلاعات کے مطابق ڈائریکٹوریٹ آف کسٹمز انٹیلی جنس اینڈ انویسٹی گیشن (آئی اینڈ آئی) کراچی نے سینٹرل پلازہ کی ایک دکان سے اسمگل شدہ 1000 لیپ ٹاپ برآمد کرلیے۔برآمد شدہ سامان کی مالیت5کروڑ روپے ہے۔کسٹمز حکام کے مطابق ڈائریکٹر کسٹمز انٹیلی جنس کی ہدایات پر ایڈیشنل ڈائریکٹرز انعام اللہ وزیر اور نوشین ریاض نے اپنی ٹیم کے ہمراہ خفیہ اطلاعات پر تحقیقات شروع کیں جن کے مطابق معلوم ہوا تھا کہ بیرون ملک سے مذکورہ نیٹ ورک کے ذریعے لائے گئے لیپ ٹاپ اور دیگر سامان کی بھاری کھیپ کو دیگر مقامی ڈیلروں اور ریٹیلرز کو سپلائی کے لئے صدر کے علاقے الیکٹرانک مارکیٹ کے سینٹرل پلازہ کی 9ویں منزل، دکان نمبر 70 میں ایک گودام میں رکھا گیا ہے ۔ کارروائی کے لئے کسٹمز انٹیلی جنس کراچی کی جانب سے سرچ وارنٹ حاصل کئے گئے، اور احاطے کی تلاشی کے نتیجے میں کارٹنوں میں بھرے غیر ملکی مختلف لیپ ٹاپس کی بھاری مقدار برآمد ہوئی۔حیرت انگیز طور پر اس کارروائی میں ضبط کئے گئے سامان کی بر آمدگی کے دوران اور اس کو کسٹمز انٹیلی جنس کے دفتر میں منتقل کئے جانے کے بعد برآمد شدہ غیر ملکی لیپ ٹاپ کی ملکیت کا دعوی کرنے کے لئے کوئی شخص سامنے آیا اور نہ ہی کسی نے قانونی درآمدثابت کرنے کے کسی قسم کی کوئی قانونی دستاویزات پیش کیں۔مذکورہ کارروائی میں کسٹمز انٹیلی جنس کی جانب سے مقدمہ درج کرکے مزید تحقیقات شروع کردی گئی ہیں ۔