ڈیلی ویجزملازمیں عید پربھی تنخواہیں نہ مل سکیں
راولپنڈی محکمہ سوئی گیس کے ڈیلی ویجز ملازمین کو عید پر بھی تنخواہیں نہ مل سکیں،اطلاعات کے مطابق ڈیلی ویجز ملازمین کو تنخواہیں نہ ملنے کی وجہ سے ملازمین پریشانی کا شکار ہوگئے، ملازمین کی عید کی خوشیاں بھی خاک میں مل گئیں
ذرائع کے مطابق اس محکمہ سوئی گیس میں 60 سے زائد ملازمین ڈیلی ویجز طور پر کام کر رہے ہیں،ملازمین کا کہنا ہے کہ اس مہنگائی کے دور میں تنخواہ سرکاری مقرر کردہ مقدار سے بھی کم ہے، ملازمین کاکہنا ہے کہ 18 سے 22 ہزار روپے تنخواہوں میں گزارہ مشکل ہے وہ بھی عید جیسے موقع پر نہیں دی جا رہی،
ادھر اس حوالے سے مزید معلوم ہوا ہے کہ انتظامیہ فنڈ نہ ہونے کا بہانہ کر کے تنخواہیں دینے سے انکاری ہے، ملازمین کا کہنا ہے کہ جو کوئی اس معاملے پر آواز اٹھاتا ہے اس کو نوکری سے فارغ کی دھمکیاں دی جاتی ہیں،
ملازمین نے کہا ہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف ہمارے حال پر رحم کھا کر محکمے کو تنخواہیں ادا کرنے کا حکم دیں،
ادھر ملتان میں واسا ملتان کے مالی بحران نے ملازمین کی عید کی خوشیاں ماند کردی ہیں، جولائی کے6 روز گزرنے کے باوجود بھی سیکڑوں ریگولر اور ڈیلی ویجز ملازمین تنخواہوں سے محروم ہیں،محکمہ واسا کی واٹر سپلائی اور سیوریج کے بلوں کی ریکوری نہ بڑھنے کی وجہ سے مالی بحران بھی سنگین ہوتا جا رہا ہے،
جولائی کے6روز گزرنے کے باوجود واسا کے سیکڑوں ملازمین تنخواہوں سے محروم ہیں جبکہ عید الاضحیٰ میں صرف4 روز باقی ہیں تاہم تنخواہیں تاخیر کا شکار ہونے سے ملازمین کو گھر چلانے میں مشکلات کا سامنا ہے جو بچوں کیلئے عید کی شاپنگ سے بھی محروم ہیں بلکہ ان کے لئے سنت ابراہیمی کی ادائیگی بھی انتہائی مشکل ہو گئی ہے، واسا ملازمین کا کہنا ہے کہ چھوٹے ملازمین ہر ماہ تنخواہ کے انتظار میں رہتے ہیں تاہم تنخواہ گزشتہ کچھ ماہ سے مسلسل تاخیر کا شکار ہو رہی ہے ، ملازمین نے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر تنخواہیں جاری کی جائیں۔