خطرناک ہیٹ ویو:برطانیہ میں ’نیشنل ایمرجنسی‘ نافذ کردی گئی

لندن :برطانیہ میں ’نیشنل ایمرجنسی‘ نافذ ،اطلاعات کے مطابق برطانیہ میں ریکارڈ درجہ حرارت بڑھنے پر شدید گرمی کی وارننگ جاری کردی گئی ۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق برطانوی محکمہ موسمیات نے ممکنہ خطرناک ہیٹ ویو کی ’نیشنل ایمرجنسی‘ کی سطح تک ’ریڈ وارننگ‘جاری کردی ہے ۔یورپ کا بیشتر حصہ اس وقت شدید گرمی کی لپیٹ میں ہے اور کئی علاقوں میں درجہ حرارت 45 ڈگری سینٹی گریڈ سے بھی بڑھ چکا ہے۔

شدید گرمی کے باعث گزشتہ روز پرتگال، اسپین، فرانس اور کروشیا میں جنگلات میں آگ بھی بھڑک اٹھی ہے۔

برطانیہ میں 25 جولائی 2019 کو کیمبرج یونیورسٹی کے بوٹینک گارڈن میں برطانوی تاریخ کا اب تک کا سب سے زیادہ درجہ حرارت 38.7 ڈگری سینٹی گریڈ (102 فارن ہائیٹ) ریکارڈ کیا گیا تھا۔

برطانوی محکمہ موسمیات نے جاری کردہ الرٹ میں کہا ہے کہ برطانیہ میں پہلی بار درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک جاسکتا ہے۔

محکمہ موسمیات کے چیف میٹرولوجسٹ پال گنڈرسن کا کہنا ہے کہ غیر معمولی اور ریکارڈ توڑنے والے درجہ حرارت کا امکان اگلے ہفتے کے اوائل میں ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اس بات کا 50 فیصد امکان ہے کہ درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ سے اوپر چلا جائے گا اور 80 فیصد امکان ہے کہ نئے زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت تک پہنچ جائے گا۔

Comments are closed.