دانیال عزیزسروسز ہسپتال منتقل،حمزہ شہباز نے عیادت کی

وزیر اعلی پنجاب حمزہ شہباز شریف کی سروسز ہسپتال آمد ،وزیر اعلی پنجاب نے مسلم لیگ ن کے رہنما دانیال عزیز کی عیادت کی .وزیر اعلی پنجاب حمزہ شہباز نے دانیال عزیز کی خیریت دریافت کی اور ان کی جلد صحت یابی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ،وزیر اعلی پنجاب حمزہ شہباز نے دانیال عزیز کی صحت یابی کیلئے دعا بھی کی ،ان کا کہنا تھا کہ اللہ تعالٰی سے دعا گو ہوں کہ آپ کو صحت کاملہ عطا فرمائے۔اللہ تعالٰی نے آپ کو زندگی دی ہے، انشاء اللہ آپ مکمل صحت یاب ہوں گے۔ صوبائی وزراء عطا اللہ تارڑ اور خواجہ سلمان رفیق بھی اس موقع پر موجود تھے.

قبل ازیں لاہور کے سروسز ہسپتال میں زیر علاج لیگی رہنماء دانیال عزیز کیلئے 10 رکنی میڈیکل بورڈ تشکیل دے دیا گیا.پرنسپل سمز میڈیکل کالج پروفیسر فاروق افضل میڈیکل بورڈ کے سربراہ ہونگے۔

میڈیکل بورڈ میں پلاسٹک سرجن پروفیسر فرید خان، آرتھو پیڈک سرجن پروفیسر علی رضا ہاشمی اور میڈیسن کے پروفیسر عارف ندیم ،سرجری کی پروفیسر یاسین رفیع، تھوریسک سرجن پروفیسر شعیب نبی، انستھیزیا ڈیپارٹمنٹ کی سربراہ پروفیسر نائلہ اسد ،پلمونولوجسٹ ڈاکٹر مظہر نقوی، گردوں کے ماہر ڈاکٹر ذاہد رفیق اور پلاسٹک سرجری کی ڈاکٹر سعدیہ جان شامل ہیں.

میڈیکل بورڈ دانیال عزیز کی طبیعت اور جاری علاج کا جائزہ لےگا۔ دانیال عزیز کےعلاج کا فیصلہ بورڈ کرےگا۔ایم ایس ڈاکٹر عامر غفور مفتی کا دانیال عزیز کی صحت کےبارے میں
کہنا ہے کہ دانیال عزیز کو تشویشناک حالت میں سروسز اسپتال لایا گیا تھا،دانیال عزیز کے بازو، ٹانگوں اور پسلیوں پر چوٹیں ہیں – دانیال عزیز کی مختلف جگہوں سے فریکچر ہوا ہے جبکہ حادثے سے پھیپھڑوں کو نقصان پہنچا ہے جس کے نتیجے میں انہیں سانس میں دشواری ہے ،انہوں نے بتایا کہ دس رکنی میڈیکل بورڈ بنایا گیا ہے جو صبح اور شام دانیال عزیز کاطبی معائنہ کرے گا.

دانیال رزیز کو جب سروسز ہسپتال منتقل کیا گیا تو صوبائی وزراء خواجہ سلمان رفیق اورعطاء اللہ تارڑ بھی ہسپتال موجود تھے. وزیراعلی پنجاب حمزہ شہباز نے شکرگڑھ کے قریب ٹریفک حادثے میں دانیال عزیز کے زخمی ہونے کے واقعہ پر کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن اور آر پی او گوجرانوالہ سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔

وزیر اعلی پنجاب حمزہ شہباز نے انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ دانیال عزیز کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں اوردیگر زخمیوں کو بھی بہترین طبی سہولتیں فراہم کی جائیں۔وزیر اعلی حمزہ شہباز نے حادثے میں ایک شخص کے جاں بحق ہونے پر افسوس کا اظہار کیاہے –

دانیال عزیز کی اہلیہ، مہناز اکبرکا کہنا ہے کہ ہمیں اس وقت عوام کی دعاؤں کی ضرورت ہے۔ اسپتال کے ڈاکٹرز اچھا علاج کر رہے ہیں، ہمارے اسپتال بہت اچھے ہیں.واضح رہے کہ لیگی رہنما دانیال عزیز گزشتہ روز حادثے کا شکار ہوگئے تھے، ن لیگی رہنما کی گاڑی کو شکر گڑھ میں ٹرک نے ٹکر مار دی تھی۔ حادثے میں دانیال عزیز زخمی جبکہ ٹرک ڈرائیور جاں بحق ہوگیا تھا۔

Comments are closed.