درگاہ شاہ نورانی روڈ کا پل سیلاب میں بہہ گیا، سینکڑوں زائرین پھنس گئے
حب(باغی ٹی وی رپورٹ) بلوچستان میں مون سون بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔ شدید بارشوں کے باعث درگاہ شاہ نورانی روڈ کا پل سیلابی ریلے میں بہہ گیا ہے۔ اس حادثے کے نتیجے میں سینکڑوں زائرین پھنس گئے ہیں اور علاقے میں معمول کی زندگی بری طرح متاثر ہوئی ہے۔
درگاہ کے قریب واقع آبادیوں کے مکینوں کو روزمرہ کی اشیاء تک رسائی نہ ہونے کی وجہ سے شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ پل کے ٹوٹنے سے علاقے میں آمدورفت مکمل طور پر معطل ہو گئی ہے جس کے باعث زائرین اور مقامی لوگ شدید پریشانی کا شکار ہیں۔
خیال رہے کہ درگاہ شاہ نورانی ایک معروف زیارتی مقام ہے اور ملک بھر سے ہزاروں زائرین یہاں آتے ہیں۔ تاہم، پل کے ٹوٹنے سے زائرین کی آمدورفت میں رکاوٹ پیدا ہوئی ہے۔
متاثرین نے ایم این اے خضدار سردار اختر جان مینگل اور ایم پی اے وڈھ میر جہانزیب مینگل سے اپیل کی ہے کہ وہ پل کی مرمت کے لیے فوری اقدامات کریں تاکہ علاقے میں معمول کی زندگی بحال ہو سکے۔