اپرکوہستان میں داسو ڈیم کی ٹیم کی گاڑی میں بم دھماکہ،غیر ملکیوں سمیت 10 افراد جاں بحق ،39 زخمی

0
35
اپرکوہستان میں داسو ڈیم کی ٹیم کی گاڑی میں بم دھماکہ،غیر ملکیوں سمیت 10 افراد جاں بحق ،39 زخمی #Baaghi

خیبر پختونخوا :داسو ڈیم کی ٹیم کی گاڑی میں بم دھماکہ، غیر ملکیوں سمیت 10 افراد جاں بحق ہو گئے-

باغی ٹی وی : تفصیلات کے مطابق ہزارہ ڈویژن کے ضلع اپر کوہستان میں برسین لیبر کیمپ سے داسو جانے والی گاڑی میں کیمپ کے قریب دھماکا ہوا ہے جس کے نتیجے میں 10 افراد جاں بحق اور 39 زخمی ہو گئے۔

ڈپٹی کمشنر اپر کوہستان محمد عارف نے واقعے کی تصدیق کی ہے ان کا کہنا ہے کہ گاڑی میں داسو ڈیم پر کام کرنے والے عملے کے افراد شامل تھے جاں بحق افراد میں 2 ایف سی کے اہلکار اور 4 غیر ملکی شامل ہیں۔

ڈپٹی کمشنر محمد عارف نے بتایا ہے کہ تمام زخمیوں اور لاشوں کو آر ایچ سی داسو منتقل کر دیا گیا ہے جہاں زخمیوں کو طبی امداد دی جارہی ہے زخمیوں کی حالت تشویش ناک ہے جن کے صحیح علاج کے لیے اور ان کی منتقلی کے لیے ایئر ایمبولینس طلب کر لی گئی ہے۔

ڈپٹی کمشنر اپر کوہستان محمد عارف نے مزید بتایا کہ دھماکے کی نوعیت جاننے کے لیے تفتیش کی جا رہی ہے، جب کہ بم ڈسپوزل اسکواڈ بھی دھماکے کے مقام پر موجود ہے اور پولیس اور سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے-

واضح رہے کہ اپر کوہستان میں شاہراہِ قراقرم کے کنارے بننے والے داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کی تعمیر کا کام اپریل 2026ء میں مکمل ہونے کی توقع ہے، ڈیم کی تعمیر سے 4 ہزار 320 میگا واٹ سستی پن بجلی پیدا ہو گی۔

ورلڈ بینک کے تعاون سے بننے والے اس پراجیکٹ پر 5 کھرب 10 ارب 98 کروڑ 2 لاکھ روپے لاگت آئے گی ڈیم کی تعمیر میں شامل 3 ہزار افراد کو اپنے ہی علاقے میں روزگار مل گیا ہے۔

پہلے اس علاقے میں بینک کی 1 برانچ تھی اس وقت 11 برانچیں کھل چکی ہیں،ڈیم کی تعمیر سے ناصرف ملک میں توانائی کے بحران کا خاتمہ ہو گا بلکہ علاقے کے غریب عوام کی زندگی میں خوش حالی کے لئے راہیں بھی ہموار ہوں گی۔

Leave a reply