مستونگ میں فائرنگ: ڈپٹی کمشنر پنجگور جاں بحق، چیئرمین زخمی

balochistan

مستونگ (باغی ٹی وی رپورٹ): بلوچستان کے ضلع مستونگ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ڈپٹی کمشنر پنجگور ذاکر بلوچ جاں بحق ہوگئے ہیں جبکہ ڈسٹرکٹ کونسل پنجگور کے چیئرمین عبدالمالک بلوچ زخمی ہوگئے ہیں۔

لیویز حکام کے مطابق یہ واقعہ مستونگ کے علاقے کھڈکوچہ میں پیش آیا۔ نامعلوم افراد نے ڈپٹی کمشنر پنجگور کی گاڑی پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں دونوں افراد شدید زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈپٹی کمشنر کو مردہ قرار دے دیا گیا۔

دوسری جانب کمشنر قلات نے بھی ڈپٹی کمشنر ذاکر بلوچ کی جاں بحق ہونے کی تصدیق کی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ڈسٹرکٹ کونسل پنجگور کے چیئرمین عبدالمالک بلوچ کو طبی امداد دی جا رہی ہے۔ قابل ذکر ہے کہ عبدالمالک بلوچ رکن صوبائی اسمبلی رحمت صالح بلوچ کے بھائی ہیں۔

اس واقعے نے علاقے میں سنسنی پھیلا دی ہے اور حکام نے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔ ابھی تک فائرنگ کرنے والے افراد کی شناخت نہیں ہوسکی ہے۔

Leave a reply