استاد طلبہ کیلئے رول ماڈل ہے اسے اخلاق وکردار کاپیکر ہونا چاہیے ۔ڈپٹی کمشنر آسیہ گل

0
38

سرگودہا(نمائندہ باغی ٹی وی )ٹیچرز ڈے کے حوالے سے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر آسیہ گل نے کہاکہ استاد کا مرتبہ اور مقام اس بات کا متقاضی ہے کہ وہ صفات حسنہ اور اخلاق حمیدہ کا جامعہ مرقہ ہو بدلتے تقاضوں میں آج کے استاد کا کردار بڑھ گیا ہے۔ انہوںنے کہا کہ ایسا کوئی شخص دنیا میں نظر نہیں آتا وہ استاد کی عزت کرنے والا ہو اور ترقی نہ کی ہو ۔انہوںنے کہاکہ استاد بچے کو اعتماددے سکیں تو وہ دنیا کی ہر چیز کو تسخیر کر سکتا ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے کہاکہ اساتذہ کو نسبت حاصل ہے کہ وہ پیغمبروں کے پیشے سے منسلک ہےں۔ نبی کریم زندگی کے تمام شعبوںکے امام بنائے گئے ہیں۔ لیکن آپ نے معلم بنائے جانے پر فخر محسوس کیا۔ اساتذہ جہاد کر رہے ہیں اور قوم کی تعمیر میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ سب سے باوقار پیشہ استاد کا ہے اور یہ پیشہ ایک عبادت ہے جس کا اجر دنیا میں بھی ملے گا اور آخرت میں بھی۔ یورپ استاد کو عزت دینے سے آگے نکل گیا آج پوری قوم اپنے استاد کو سلام پیش کرتی ہے۔ سی او ایجوکیشن ریاض قدیر بھٹی نے کہاکہ معلم بننا ہر کسی کو نصیب نہیں ہوتا۔ خوش نصیب ہیں وہ لوگ جنہیں اللہ اس منصب کیلئے منتخب کرتاہے۔ انہوںنے کہا کہ ضلع بھر کے 194اساتذہ کو اگلے گریڈ میں ترقی دی جارہی ہے۔ جبکہ 23کنٹریکٹ اساتذہ کو بھی ریگولر کیاجارہاہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے اساتذہ جنہیں بعض وجوہات کی وجہ سے پے پیکج نہیں مل سکا وہ بھی جلد خوشخبری سنیں گے۔ انہوںنے اعلان کیاکہ جلد ہی ضلع کی تمام تحصیلوں کے شاندار کارکردگی کے حامل دس دس اساتذہ کو کیش ایوارڈز دیئے جائیں گے۔ جبکہ جماعت نہم کے سالانہ امتحان میں 95فیصد حاصل کرنے والے سرکاری سکولوں کے طلباءکو بھی جلد ایک تقریب میں انعامات سے نوازا جائے گا۔ بعدا زاں مہمان خصوصی صوبائی پارلیمانی سیکریٹری چوہدری فیصل فاروق چیمہ اور ڈپٹی کمشنر آسیہ گل نے ضلع بھر میں شاندار کا رکردگی دکھانے والے اساتذہ سکول سربراہان اور ڈپٹی ڈی اوز میں تعریفی سرٹیفکیٹس اور کیش انعامات بھی تقسیم کئے ۔پروقار تقریب میں مختلف سرکاری سکولوں کے طلبہ نے ملی نغمے اور ٹیبلو ز پیش کر کے حاضرین سے خوب داد وصول کی۔

Leave a reply