سیالکوٹ ،باغی ٹی وی (بیوروچیف شاہد ریاض سے)ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ محمد ذوالقرنین نے آج تحصیل پسرور کے دورہ کے دوران بنیادی مراکز صحت، سکولوں، بس اسٹینڈ اور ریونیو دفاتر کا معائنہ کیا۔
ڈپٹی کمشنر نے بنیادی مرکز صحت بن باجوہ کے دورہ کے دوران بی ایچ یو کے عملہ کی حاضری چیک کی اور بی ایچ یو علاج کی غرض سے آئے ہوئے شہریوں سے فراہم کی جانے والی طبی سہولیات اور مفت ادویات کی بابت استفسار کیا۔
ڈپٹی کمشنر محمد ذوالقرنین نے بی ایچ یو کی فارمیسی میں رکھی ہوئی ادویات اور ریکارڈ کا بھی معائنہ کیا۔ انہوں نے موقع پر موجود میڈیکل افسر اور میڈیکل سٹاف کو ہدایت کی وہ علاج معالجے کیلئے آنے والے شہریوں سے خندہ پیشانی سے پیش آئیں اور ان کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنائیں۔
بعد ازاں ڈپٹی کمشنر نے گورنمنٹ ہائی سکول بن باجوہ کا بھی دورہ کیا اور مختلف کلاس رومز ، سائنس لیب اور بک بینک کا معائنہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر محمد ذوالقرنین نے اساتذہ پر زور دیا کہ وہ بچوں کو نصابی تعلیم کے ساتھ ساتھ کی کردار سازی پر بھی خصوصی توجہ دیں تاکہ وہ ایک مفید شہری بن کو ملک و قوم کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرسکے۔
ڈپٹی کمشنر محمد ذوالقرنین نے اسسٹنٹ کمشنر پسرور قمر منج کے ہمراہ جنرل بس اسٹینڈ پسرور کا بھی دورہ کیا اور حالت زار کا تفصیلی جائزہ لیا اور اصلاح و احوال کیلئے متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کیں۔