بجلی کا بل بنا موت کا پیغام،10ہزارکے بل نے قیمتی جان لے لی
قصور(باغی ٹی وی ڈسٹرکٹ رپورٹرطارق نوید) ضلع قصور کی تحصیل کوٹ رادھا کشن میں بجلی کا بل ادا نہ کر پانے کی وجہ سے ایک شخص نے ٹرین کی پٹڑی پر سر رکھ کر خودکشی کر لی۔ مقتول کی شناخت 38 سالہ منیر کے طور پر ہوئی ہے۔
ملنے والی معلومات کے مطابق، منیر پر واپڈا کی جانب سے 10 ہزار روپے کا بجلی کا بل آیا تھا۔ شدید غربت کی وجہ سے وہ اس بل کو ادا کرنے کی پوزیشن میں نہیں تھا۔ اس مالی بوجھ نے اسے اس قدر پریشان کر دیا کہ اس نے اپنی زندگی کا خاتمہ کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
واقعے کے وقت، منیر اپنے چھوٹے بچے کو ساتھ لے کر ریلوے اسٹیشن گیا اور کراچی سے سیالکوٹ جانے والی علامہ اقبال ایکسپریس کے سامنے آ کر خود کو ٹرین کے نیچے کر دیا۔ اس حادثے میں اس کا سر دھڑ سے جدا ہو گیا۔
مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ منیر انتہائی غربت میں زندگی گزار رہا تھا اور اس کے گھر میں کھانے پینے کا سامان تک نہیں تھا۔ بجلی کا بل آنے کے بعد اس کی مشکلات مزید بڑھ گئیں۔
پولیس نے لاش کو قبضے میں لے کر قانونی کارروائی شروع کر دی ہے۔
یاد رہے کہ بجلی کے بھاری بلوں کے سبب ملک بھر میں روزانہ کی بنیاد پر خود کشی کے ایسے دلخراش واقعات رونما ہورہے ہیں.