ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کی قازقستان حکومت کو یوروایشین سپیکرز کانفرنس کے انعقاد پر مبارکباد

0
45

ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا نے قازقستان کی حکومت اور پارلیمنٹ کو ستمبر میں یوروایشین سپیکرز کانفرنس کے انعقاد پر مبارک باد پیش کی اور کہا کہ یہ کانفرنس علاقائی ترقی اور معاشی تعاون کے حوالے سے مسائل کو زیر بحث لانے کا موقع فراہم کر ے گی،

باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے ان خیالات کا اظہار قازقستان کے سفیر اکن رحمتولین سے پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کے دوران کیا، ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے حال ہی میں عہدہ سنبھالنے والے نئے سفیر کو خوش آمدید کہتے ہوئے اس اْمید کا اظہار کیا کہ وہ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی اور معاشی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے میں اہم کردار ادا کریں گے اور سیاحت کو فروغ دینے کیلئے مواقع تلاش کریں گے، انہوں نے مزید کہا کہ قازقستان پاکستان کیلئے ایک اہم ملک ہے اور پاکستان اس باہمی تعلق کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ دونوں ممالک کے درمیا ن تجارت اور سرمایہ کاری کی بہت گنجائش ہے اور دونوں اطراف کی حکومتوں کو چاہئے کہ وہ تجارت کیلئے سازگار ماحول مہیا کریں تا کہ تعاون کے مزید راستے نکالے جا سکیں،

ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان اور قازقستان کے درمیان دوستانہ تعلقات کے باوجود براہ راست پروازو ں کی سہولت موجود نہیں ہے جس کے باعث مسافر لمبے روٹ سے سفر کرنے پر مجبور ہیں۔ انہوں نے عوامی اور پارلیمانی روابط کو مضبوط کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔ دونوں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ اسلام آباد اور نور سلطان علاقائی مسائل پر ایک جیسا نقطہ نظر رکھتے ہیں اور بین الاقوامی فورمز پر دونوں کے مابین بہترین تعاون پایا جاتا ہے۔قازقستان کے سفیر نے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سے اتفاق کیا اور تجارت و سرمایہ کاری بڑھانے کی تجاویز کو سراہا۔
محمد اویس

Comments are closed.