پاکستان اسلامک کونسل کے چیئرمین اور جامعہ سعیدیہ سلفیہ کے ڈائریکٹر ڈاکٹر حافظ مسعود عبدالرشید اظہر اور ممبر قومی اسمبلی محمد خان ڈاہا نے وزیر مملکت ریلوے بلال اظہر کیانی سے ان کی آفس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں ملکی امور اور ریلوے کے معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر ڈاکٹر حافظ مسعود عبدالرشید اظہر نے بلال اظہر کیانی کو وفاقی وزیر برائے ریلوے کا عہدہ سنبھالنے پر مبارک باد پیش کرتے ہوئے اس بات کی امید ظاہر کی کہ وہ ریلوے کے نظام کو بہتر بنانے کےلئے تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے ۔ ملاقات کے دوران سانحہ بلوچستان، ملک میں جاری دہشت گردتنظیموں ان کے سہولت کاروں کے خلاف سخت ترین کاروائیوں جیسے معاملات بھی زیر بحث آئے جبکہ جعفر ایکسپریس پر دہشت گروں کے حملہ میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔ رہنماؤن نے جعفر ایکسپریس کو یرغمال بنانے والے دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشن پر سیکورٹی اہلکاروں کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہاکہ یہ سکیورٹی اہلکار پچیس کروڑ عوام کے محسن ہیں اور قوم کو اپنے جانبازوں پر فخر ہے ۔سیکورٹی اہلکاروں نے جس جرات اور بہادری کے ساتھ دہشت گردوں کو عبرتناک انجام سے دوچار کیا ہے اس سے یقینا قوم کے حوصلے بلند ہوئے ہیں ۔ رہنماﺅں نے اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ پوری قوم پاک افواج، مقتدر اداروں اور ریاست کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے حکومت اور سیکیورٹی اداروں کے اقدامات کی مکمل حمایت کرتی ہے۔