دیکھتے ہیں جج عید کہاں گزارنے دیتے ہیں ، زرداری

0
8

سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ دیکھتے ہیں جج عید کہاں گزارنے دیتے ہیں

باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق احتساب عدالت میں پیشی کےموقع پر سابق صدرسے صحافی نے سوال کیا کہ زرداری صاحب عید کہاں گزاریں گے ؟ جس پر سابق صدر نے جواب دیا کہ دیکھتےہیں جج کہاں گزارنےدیتےہیں،صحافی نے پھر سوال کیا کہ کوئی خطرہ نہیں اتنے سارے کیسز کھلے ہیں آپ پر ، جس پر آصف علی زرداری نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ برکت ہے رمضان کی برکت ہے ،

واضح رہے کہ جعلی بنک اکاؤنٹس کیس میں سابق صدر آصف زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور احتساب عدالت میں پیش ہوئے ہیں، اس موقع پر سخت حفاظتی انتظامات کئے گئے تھے۔احتساب عدالت کے جج محمد ارشد ملک نے جعلی بینک اکاؤنٹس کیس کی سماعت کی۔ آصف زرداری کے وکیل فاروق ایچ نائیک نے کہا ریفرنس کی کاپیاں بنی ہیں کہ نہیں ؟ جس پر نیب پراسیکیوٹر نے کہا کاپیاں آفس میں جمع کرا دی گئی ہیں، تفتیشی افسر سر پر چوٹ لگنے کی وجہ سے پیش نہیں ہوئے۔جج ارشد ملک نے حکم دیا کہ ریفرنس کی کاپیاں ملزموں کو فراہم کی جائیں۔ جس پر نیب پراسیکیوٹر نے کہا 28 کاپیاں تیار ہوئی ہیں، باقی کی تیاری کے لئے وقت درکار ہے۔ وکیل صفائی نے کہا اقبال خان نوری دوسرے ریفرنس میں گرفتار ہیں، زین ملک بون میرو کے مرض میں مبتلا ہیں، حاضری سے استثنی دیا جائے۔ عدالت نے زین ملک کی آج کی حاضری سے استثنی کی درخواست منظور کرلی۔

دوسری جانب جعلی اکاؤنٹس کیس کی تحقیقات کے لئے سابق صدر آصف علی زردرای نے نیب کے سامنے پیشی کے لئے مہلت مانگ لی، زرداری نے نیب کو مہلت کے لئے درخواست بھجوا دی۔ آصف زرداری نے موقف اختیار کیا کہ احتساب عدالت میں پیشی کی وجہ سے نیب میں پیش نہیں ہو سکتا۔

واضح رہے کہ نیب نے سابق صدر آصف علی زرداری کو جعلی بینک اکاونٹس کیس میں طلب کر رکھا ہے .

Leave a reply