ڈینگی سے متاثرہ علاقوں کے حوالے سے اچھی خبر آگئی

0
30

راولپنڈی (ا ے پی پی) پنجاب کے وزیر خواندگی و غیر رسمی بنیادی تعلیم اور انسداد ڈینگی مہم راولپنڈی کے فوکل پرسن راجہ راشد حفیظ نے کہا ہے کہ ڈینگی کے خاتمے اور مریضوں کے علاج معالجے کیلئے حکومت پنجاب ہر ممکن وسائل مہیا کر رہی ہے اور کسی بھی سطح پر ہونے والی کسی قسم کی غفلت اور کوتاہی برداشت نہیں کی جائیگی۔ عوام الناس کو بھی چاہیے کہ وہ ڈینگی سے بچاؤ اور اس کے خاتمے کی پوری معلومات حاصل کرکے ان پر عمل کریں تاکہ ڈینگی کو شکست دی جا سکے۔ ڈینگی مریضوں کے علاج معالجے کیلئے تمام سرکاری ہسپتالوں میں مطلوبہ سہولیات کی فراہمی کے علاوہ متاثرہ علاقوں میں موبائل ہیلتھ یونٹس بھی فعال کر دئیے گئے ہیں۔ انہوں نے یہ بات گذشتہ روز شہر کے مختلف حصوں میں ڈینگی لاورے کے خاتمے کی مہم کا جائزہ لینے اور عوام الناس میں مچھر مار کٹس تقسیم کرنے کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ راجہ راشد حفیظ نے کہا کہ پورے شہر میں ڈینگی سپرے کی مہم بھی جاری ہے جس میں ورکرز رات دن کی تمیز کئے بناء کام کر رہے ہیں۔ اسی طرح ہسپتالوں اور موبائیل ہیلتھ یونٹس سے وابستہ ڈاکٹر اور پیرا میڈیکل سٹاف بھی اوقات کار کی پرواہ کئے بغیر عوام کو خدمات فراہم کرنے میں مصروف ہے۔ انہو ں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان اور وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار نے ہدایات جاری کر رکھی ہیں کہ عوام کو ڈینگی سے بچانے کیلئے جتنے وسائل درکار ہیں وہ حکومت کی جانب سے مہیا کئے جائیں گے۔راجہ راشد حفیظ نے اپنے دورے کے دوران مختلف علاقوں میں گلیوں، سڑکوں اور گھروں کے اندر ڈینگی لاورے کی تلفی کی مہم کی نگرانی کی اور متعلقہ عملے کو ہدایت کی کہ وہ اپنی ذمہ داریاں پوری محنت و اخلاص کے ساتھ ادا کریں تاکہ یہ مہم کامیاب ہو سکے.

Leave a reply