ڈپٹی کمشنر انجینئر امجد شعیب خان ترین کا پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کے ساتھ اجلاس

0
56

مظفر گڑھ ڈپٹی کمشنر انجینئر امجد شعیب خان ترین نے کہا ہے کہ مہنگائی کو کنٹرول کرنے کیلئے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس اپنے اختیارات کو استعمال کریں۔ ایک پرائس کنٹرول مجسٹریٹ ناجائز منافع خوری،ذخیرہ اندوزی پر ایک لاکھ جرمانہ اور 6ماہ تک کی قید کی سزادے سکتا ہے، یہ بات انہوں نے ضلع بھر کے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کے ساتھ ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی، اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو عمران شمس، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنان جام آفتاب حسین، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل احسان الحق اور اسسٹنٹ کمشنر مظفرگڑھ عابدہ فرید بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ناجائز منافع خوری یا ذخیرہ اندوزی پر مقدمے کے اندراج کے وقت تمام قانونی کاروائی کو مکمل کیا جائے تاکہ پھر ملزم کو کسی عدالت سے ریلیف نہ مل سکے، انہوں نے کہا کہ کسی کے ساتھ ظلم و زیادتی بھی نہیں کرنی انصاف کرناہے کیونکہ اللہ تعالیٰ کے سامنے بھی جوابدہ ہونا ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ مہنگائی کو مانیٹرکرنے اور کنٹرول کرنے کیلئے ہمارے پاس ایک بڑا نیٹ ورک موجود ہے، محکمہ لائیو سٹاک کے ویٹرنری اسسٹنٹ، محکمہ زراعت کے فیلڈ اسسٹنٹ،محکمہ ریونیو کے پٹواری اور لوکل گورنمنٹ کے یو سی سیکرٹری کی معاونت سے ایک منظم نیٹ ورک بنایا جاسکتا ہے۔

مذکورہ سٹاف اپنے اپنے حلقے میں چینی سمیت اشیاء خوردونوش کی قیمتوں پر نظر رکھیں گے اگر کوئی دکاندار مقرر کردہ نرخ سے زائد قیمت وصول کررہا ہے تو یہ اپنے متعلقہ آفیسر کو اطلاع کریں گے جو متعلقہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹ کو آگاہ کرے گا۔پرائس کنٹرول مجسٹریٹ اس کی مدعیت میں مقدمہ کردرج کرے گا، گواہان کے بیان لے گا اور ایک مضبوط کیس بنائے گا۔ اس طرح مہنگائی کو مانیٹر کرنے اور اس کو کنٹرول کرنے کیلئے ایک منظم نیٹ ورک بنے گا۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ناجائز منافع خوری یا ذخیرہ اندوزی پر مالی جرمانہ کم کیا جائے کیونکہ جرمانے کی رقم دکاندار پھر خریداروں سے مزید مہنگائی کی صورت میں وصول کرتا ہے لہذازیادہ سے زیادہ قید کی سزا دی جائے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس ایک قابل ٹیم ہے۔ ہم یہ کام ایک دوسرے کی معاونت سے سرانجام دے سکتے ہیں اور پورے پنجاب میں مہنگائی کو کنٹرول کرنے پر مثال قائم کرسکتے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ اب عید کے دنوں میں چینی سمیت دیگر اشیاء خوردونوش پر کسی قسم کی مہنگائی نہیں ہونی چاہیے اگر کسی علاقے میں مہنگائی کی شکایت موصول ہوئی تو متعلقہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹ ذمہ دار ہوگا۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیو سٹاک ڈاکٹر طارق، ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت ڈاکٹر شوکت علی عابد، ڈی او انڈسٹری زاہدہ پروین، سی او تحصیل کونسل عثمان جاوید سرویا سمیت ضلع بھر کے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے شرکت کی۔

Leave a reply