
سرگودھا ، باغی ٹی وی(نامہ نگار ملک شاہنواز جالپ) یونیورسٹی آف سرگودھا کے گیارہویں سالانہ کانووکیشن کی تقریب آج 19 دسمبر کو منعقد ہورہی ہے، جس کے مہمان خصوصی برطانیہ کی تاریخ کے کم عمر ترین نو منتخب ڈپٹی میئر عاصم نوید رانجھا ہوں گے۔
گزشتہ روز پاکستان آمد پر کوٹ مومن انٹرچینج پر سرگودھا سے تعلق رکھنے والے اس عظیم اور قابل فخر بیٹے کا شاندار استقبال کیا گیا۔ علاقہ کی سیاسی و سماجی شخصیات نے ڈھول کی تھاپ پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے گلاب کی پتیاں نچھاور کیں اور پنجاب کی روایتی شان – پگ – ڈپٹی میئر عاصم رانجھا کو باندھی۔
واضح رہے کہ ڈپٹی میئر عاصم رانجھا کا تعلق نصیر پور کلاں، کوٹ مومن ضلع سرگودھا سے ہے اور وہ اب مستقل طور پر برطانیہ میں مقیم ہیں۔ عاصم رانجھا چئیرمین چوہدری سرفراز خان رانجھا مرحوم کے صاحبزادے، چوہدری صفدر حسین رانجھا کے چھوٹے بھائی، اور پاکستان عوامی تحریک ضلع سرگودھا کے جنرل سیکرٹری محمد عمران ملک کے قریبی عزیز ہیں۔
کانووکیشن کی تقریب میں عاصم رانجھا کی شرکت نہ صرف یونیورسٹی بلکہ پورے علاقے کے لیے ایک قابل فخر موقع ہے، جہاں وہ اپنے خیالات اور تجربات طلبہ کے ساتھ شیئر کریں گے۔ ان کی شخصیت نہ صرف نوجوان نسل کے لیے ایک مثالی نمونہ ہے بلکہ ان کی کامیابی سرگودھا اور پاکستان کے لیے باعث افتخار ہے۔